سیلاب کی آڑ میں آٹے، روٹی کے نرخ بڑھانے کی ہر گز اجازت نہیں دینگے، وزیر اعلیٰ مریم نواز

05 ستمبر ، 2025

 لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ سیلاب کی آڑ میں آٹے ، روٹی کے نرخ بڑھانے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم، آٹا اور روٹی کے نرخ برقرار رکھنے کے لئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ روٹی کا نرخ 14 روپے اور 20 کلو آٹے بیگ کا نرخ 1810 روپے سے زائد بڑھنا نہیں چاہیے۔ سیلاب کی آڑ میں آٹے اور روٹی کے نرخ بڑھانے نہیں دیں گے۔گندم کی ذخیرہ اندوزی عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ فیڈ ملوں میں گندم کے استعمال پر پابندی اور دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس میں پیرا کے ایس ڈی اوز کو گندم کی ذخیرہ اندوزی کے سدباب کے لئے خصوصی اختیارات تفویض کر دیئے گئے۔ پیرا کو گندم کی ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے سخت ترین قانونی کارروائی کا ٹاسک بھی دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کی آڑ میں آٹے اور روٹی کے نرخ بڑھانے والوں کیخلاف ایکشن کی ہدایت کی۔ گندم کی ذخیرہ اندوزی روکنے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فوری طور پر متحر ک کر دیا گیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے چوہنگ فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ و ہ فلڈریلیف کیمپ کے متاثرین میں گھل مل گئیں اوردلاسہ دیا۔ انہوں نے قائم عارضی کلاس روم کے بچوں سے گپ شپ کی، مختلف سوالات پوچھے اور بچوں سے شفقت کا اظہار کیا۔ کمسن انعمتا نے تحائف ملنے پر اظہار تشکر کے لئے وزیر اعلیٰ مریم کو گلے لگا لیا۔ وزیر اعلیٰ نے ریڈ فراک کا بھی تحفہ دیا۔ کمسن انعمتا کی کتاب میں دلچسپی دیکھ کر وزیر اعلیٰ نے اظہارمسرت کیا۔ایک اورکمسن طالب علم نے وزیر اعلیٰ سے باتیں کی اور کہا کہ آپ کو پہلی بار دیکھ رہا ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے آشوب چشم میں مبتلا بچے کا فوری علاج معالجہ شروع کروانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے فلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم سب بچوں کی ہیلتھ سکریننگ کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے نے فلڈ کیمپ میں مقیم خواتین اور بچوں کو تحائف پیش کئے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ پانی کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔