این اے 133 ضمنی الیکشن ،لاہور ہائی کورٹ نے ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کی ویڈیوز کیخلاف درخواست خارج کرنے کا فیصلہ جاری کردیا

05 دسمبر ، 2021

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس مزمل اختر شبیر نے ضمنی الیکشن میں لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ 133 میں ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کی ویڈیوز کیخلاف کیس میں درخواست خارج کرنے کا فیصلہ جاری کردیا۔ 14 صفحات کے فیصلے میں عدالت نے لکھا کہ درخواست گزار سہیل شہزاد نے براہ راست لاہور ہائیکورٹ سے ووٹوں کی خریدوفروخت کے معاملے پررجوع کیا،جبکہ درخواست گزرا کو پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہیے تھا، درخواست گزار نے قانون کی پیروی نہیں کی، متعلقہ فورم کی موجودگی میں ہائیکورٹ میں براہ راست درخواست دائر کرنا قانون کے منافی ہے، الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق مانیٹرنگ افسر اور الیکشن کمیشن کا فورم درخواست بنتا ہے، اسی بنیاد پر عدالت لیگی امیدوارشائشتہ پرویز ملک اور اسلم گل دونوں کو نااہل قرار دینے اور الیکشن شیڈول کو کالعدم قرار دینے سے متعلق دائر درخواست خارج کرتی ہے۔