سیلاب متاثرین کے گھر آباد ہونے تک چین سے نہیں بیٹھ سکتے،وزیراعلیٰ مریم نواز،بحالی کیلئے جامع پیکیج طلب

06 ستمبر ، 2025

لاہور،سرائے عالمگیر،جلال پور جٹاں (خصوصی نمائندہ،نامہ نگاران)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کے گھر آباد ہونے تک چین سے نہیں بیٹھ سکتے۔سیلاب زدہ علاقوں میں جاتی ہو ں تووہاں لوگوں کی پریشانی نہیں دیکھی جاتی۔ لوگوں کے گھر اجڑ گئے، ہم سکون سے کیسے بیٹھ سکتے ہیں،جلالپور جٹاں، گجرات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ اور فضائی جائزہ،خواتین ،بچوں میں گھل مل گئیں،تحائف دیئے،اہم اعلانات کئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں فلڈ اور دیگر آفات سے بچاؤ کے لیے ماسٹر پلان کی اشد ضرورت ہے۔ ہر سال سیلاب کی وجہ سے نقصان ہوتا ہے، طویل المدتی اور قلیل المدتی پائیدارپالیسیاں بنانا ہونگی۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت طویل خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے جامع پیکج طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ نے اربن یونٹ، بورڈ آف ریونیواور دیگر ڈیپارٹمنٹس کو بحالی پیکج کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور متاثرین کے مسائل پر ہمدردانہ غور کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے سروے پراجیکٹ کے لئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ کاشتکاروں کے لئے بحالی پروگرام وضح کرنے کا حکم دیا اور بحالی پیکج میں امدادی رقوم بڑھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے بحالی پیکج کیلئےمکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سروے کے لئے شفاف ترین طریقہ کار وضع کرنا ہوگا اورڈیجیٹل ریکارڈنگ بھی ہوگی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز سیلاب متاثرین کی جلد بحالی پیکج کا خود علان کریں گی۔ وزیراعلیٰ نے گھر تباہ ہونے کی وجہ سے فوری واپس نہ جانے والے خاندانوں کے لئے ہر ضلع میں مارکی لگانے کی ہدایت کی۔ سردی کی آمد کے پیش نظر سیلاب متاثرہ خاندانوں کو ہر ضلع میں مارکی میں شفٹ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مرد و خواتین کے لئے الگ الگ مارکی لگانے اور صاف پانی، کھانا اور دیگر سہولتیں مہیا کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں آبی گزر گاہوں سے تجاوزات اور آبادیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر دریاؤں اور ندی نالوں کی آبی گزرگاہوں کو تعمیرات کے لئے ریڈ زون قرار دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی بحالی کے لئے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام میں شامل کرنے کابھی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جلالپور جٹاں کے نواحی علاقے شہباز پور فلڈ ریلیف ٹینٹ سٹی پہنچ گئیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹینٹ سٹی میں سیلاب متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کو تحائف پیش کیے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹینٹ کے اندر بیٹھ کر ننھی بچی اور اس کی والدہ سے بات چیت کی اور کمسن بچی نے وزیراعلیٰ کو دیکھ کراظہار مسرت کیا۔وزیراعلیٰ نے ننھی بچی کو پیار کیا اور تحائف پیش کیے۔وزیراعلیٰ نے ٹینٹ سٹی میں کھانا، ادویات، صفائی اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ذیابیطس کی بزرگ خاتون مریضہ کو شوگر چیک اپ کیلئے خود وزیراعلیٰ مریم فیلڈ ہسپتال لیکر کر گئیں۔وزیراعلیٰ نے ذیابیطس کی مریضہ کو انسولین، گلوکو میٹر اور دیگر ضروری اشیا ءفراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے سیلاب سے گھرمسمار ہونے پر آبدیدہ نوجوان کو تسلی دی، گھر بنانے میں پوری معاونت کی یقین دہانی کی۔وزیر اعلیٰ نے معمر شخص کو بھینس سیلاب میں بہہ جانے پر بھی دلاسہ دیااود نقصان پورا کرنے کا یقین دلایا۔ ٹینٹ سٹی میں متاثرہ خاندانوں سے بات چیت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سروے شروع ہورہا ہے، ازالہ کریں گے۔آبی گزرگاہوں کے علاوہ دیگر مقامات پر گھر بھی بنا کر دیں گے۔ سیلاب متاثرین کوپینے کا صاف پانی، کھانا اور مویشیوں کو چارہ فراہم کیاجارہا ہے۔ لوگ جہاں جہاں بیٹھے ہیں،وہاں ٹینٹ لگا کر دیئے جائیں، کھانا اور دیگرضروریات فراہم کی جائے۔ تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی کے استعمال سے جانیں بچانے پر خوشی ہے، عوام کی خدمت کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرین سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ فکر نہیں کرنی میں آپ کے ساتھ ہوں۔وزیراعلیٰ مریم نے شہباز پور پل کا بھی دورہ کیا۔ ʼʼکلینک آن بوٹسʼʼ کا بھی معائنہ کیا۔وزیر اعلیٰ کوبریفنگ میں بتایاگیا کہ گجرات کے 95 موضع اور 23 ہزار آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی ہے۔سیلاب متاثرین کیلئے گجرات میں 20 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے اور علاج کیلئے ادویات کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔395 افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے اور 2200 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔3346 سیلاب متاثرہ مریضوں کا فلڈ میڈیکل کیمپس میں علاج معالجہ کیاگیا ہے۔سیلاب متاثرین کیلئے خیمے، چارپائیاں، قالین، خوراک، دودھ اور پینے کا پانی فراہم کیاگیا۔انسداد ڈینگی سپرے، مچھر دانی اور ریپیلنٹ کی فراہمی جاری ہے۔