ہم نے شاید بھارت اور روس کو چین کے ہاتھوں کھودیا،امریکی صدر،بیجنگ کے نئے ورلڈآرڈرپر موسکواورنئی دہلی پر اظہار برہمی

06 ستمبر ، 2025

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شائد ہم نے بھارت اور روس گہرے، تاریک ترین چین کے ہوگئے ہیں، خدا کرے ان کا مشترکہ مستقبل طویل اور مضبوط ہو، برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق بیجنگ کے نئے ورلڈ آرڈر کی کوشش پر ٹرمپ نے ماسکو او ر نئی دہلی پر اظہار برہمی کیا ہے ۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر تینوں رہنماؤں (چینی صدر شی ،روسی صدر پیوٹن اور بھارتی وزیراعظم مودی) کی ایک تصویر کے ساتھ طنزیہ لکھا کہ ’ ایسا لگتا ہے کہ بھارت اور روس گہرے، تاریک ترین چین کے ہوگئے ہیں، خدا کرے ان کا مشترکہ مستقبل طویل اور مضبوط ہو۔برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق ٹرمپ کی اس پوسٹ پر بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نئی دہلی میں صحافیوں سے کہا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے، بیجنگ نے بھی اس معاملے پرفوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا جبکہ روس کے نمائندوں سے ٹرمپ کی ’ ٹروتھ سوشل’ پوسٹ پر ردعمل کے لئے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ ہم نے بھارت اور روس کو کھو دیا ہے اور وہ اس ہفتے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد چین کے ’ ہو گئے ہیں’، اس بیان سے بیجنگ کی نئے عالمی نظام کے قیام کی کوششوں کے دوران امریکا کی نئی دہلی اور ماسکو سے دوری اجاگر ہوتی ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل شی جن پنگ نے چین کے بندرگاہی شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او ) کے اجلاس میں 20 سے زائد غیر مغربی ممالک کے رہنماؤں کی میزبانی کی تھی، جن میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی بھی شامل تھے۔اجلاس میں پیوٹن اور مودی کو ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے شی جن پنگ کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھا گیا، اور بعد میں تینوں رہنما ایک ساتھ کھڑے ہوئے تھے۔مودی کے چین کے ساتھ بڑھتے تعلقات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں، جب ٹرمپ نے تجارتی تنازعات اور دیگر مسائل کے باعث امریکا-بھارت تعلقات کو سرد مہری کا شکار کر دیا ہے، ٹرمپ نے اس ہفتے کے شروع میں کہا تھا کہ وہ پیوٹن سے ’ بہت مایوس’ ہیں لیکن روس-چین تعلقات کے بڑھنے پر فکر مند نہیں۔