ملک بھر میں میلاد النبی ﷺآج روایتی مذہبی جوش وخروش کیساتھ منایا جائیگا

06 ستمبر ، 2025

اسلام آباد( نیو زرپورٹر)راولپنڈی، اسلام آ باد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمدﷺ کا 1500 واں یوم ولادت ( میلاد النبی ؐ)آج بروز ہفتہ عقیدت و احترام اورروایتی مذہبی جوش وخروش کیساتھ منایا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے ملک میں عام تعطیل کااعلان کیاہے۔جڑواں شہر کی مساجد اور نجی و سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے، میلاد کی محافل منعقد کی جارہی ہیں، سیرت اور نعت کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، آج راولپنڈی اور اسلام آ باد میں میلاد النبیؐ کے جلو س نکا لے جائیں گے، وزرات مذہبی امور کے زیر اہتمام جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں 50ویں بین الاقوامی سیرت کانفرنس منعقد ہوگی ، صوبائی دارالحکومتوں میں بھی سیرت کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا، سیرت کانفرنسوں کے انعقاد کا مقصد سیرت طیبہؐ کی عصری اہمیت کو اجاگرکرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی تربیت کرنا ہے۔