کوہاٹ،پولیس آپریشن ، دہشتگردوں کی فائرنگ، انسپکٹر اور سپاہی شہید ،2دہشتگرد ہلاک

06 ستمبر ، 2025

کوہاٹ(نامہ نگار)کوہاٹ کے نواحی پہاڑی علاقے نادر بانڈہ میں پولیس آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار انسپکٹر طاہر نواز اور سپاہی محمد علی شہید ہو گئے ۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو دہشتگرد مارے گئے ۔ دہشت گردوں کے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ تین دن سے کوہاٹ کے سرحدی پہاڑی علاقے لاچی اور گرد و نواح میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ آج صبح آپریشن کے دوران پہاڑی علاقے سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے انسپکٹر طاہر نواز اور سپاہی محمد علی شہید ہو گئے ۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو دہشت گرد یاسر اور مسلم سکنہ نادر بانڈہ پولیس مقابلے میں مارے گئے۔ دونوں دہشتگرد اور ان کے ساتھی تین روز سے پولیس کے خلاف کاروائیاں کر رہے تھے۔ دو روز قبل انھوں بانڈہ دائو د شاہ روڈ پر ایس ایچ او سمیت تین پولیس اہلکاروں کو شہید کیا تھا۔ کل انھوں نے دو پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا۔ اج صبح شہید ہونے والے ایس ایچ او طاہر نواز اور سپاہی محمد علی کے قتل میں ملوث تھے۔ دونوں دہشتگردوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہاہے۔ دونوں دہشتگرد پہاڑی غار میں چھپ کر پولیس پر وقفے وقفے فائرنگ کر رہے تھے ۔ دونوں دہشتگردوں کو ڈرون کی مدد سے مارا گیا ہے۔ مزید دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ابھی بھی جاری ہے۔ علاقے میں متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کرئیے گئے ہیں۔ دو روز قبل بانڈہ دائود شاہ روڈ پر پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے کے بعد دہشت گردوں کو کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے پہاڑی حدود کی طرف فرار ہوتے دیکھا گیا تھا ۔ جس کے بعد سے کوہاٹ اور کرک کے سرحدی پہاڑی علاقوں میں بڑا آپریشن جاری ہے۔