معرکہ حق میں پاک فوج نے دشمن پر برتری حاصل کرکے اقوام عالم میں لوہا منوایا، وزیر اعلیٰ مریم نواز

08 ستمبر ، 2025

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے یومِ دفاع پراپنے پیغام میں کہاہے کہ قوم پاک فوج کے ہرافسر، ہر جوان،ہرشہید اور ہرغازی کو سلام پیش کرتی ہے۔معرکہ حق میں پاک فوج نے دشمن پر برتری حاصل کرکے اقوام عالم میں اپنا لوہا منوایا۔وزیراعلی ٰ نے کہاکہ دھرتی کے لئے سرحد وں پر سینہ سپر ہونے والے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔ پاک فوج نے ثابت کیاکہ جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان و یقین سے جیتی جاتی ہیں۔اللہ کے کرم سے آج کاپاکستان مضبوط اور دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ وزیراعلی ٰ نے کہاکہ آج پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور افواج پہلے سے بھی زیادہ پراعتماد ہے۔ عوام مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے ہوں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی پنجاب ٹیم صوبہ بھر میں مصروف عمل ہے-وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں کے فلڈ ریلیف کیمپوں میں مچھرمار، جراثیم کش سپرے اور فوگ سپرے کا آغاز بھی کر دیا گیاہے-وزیراعلیٰ کی ہدایت پرٹینٹ سٹی میں بھی اینٹی ڈینگی سپرے کا آغازکیا گیاہے-سیلاب متاثرہ علاقوں میں قائم ریلیف کیمپوں کے ٹینٹوں میں بھی فوگنگ کی جارہی ہے-وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فلڈریلیف کیمپوں میں صفائی کے بہترین انتظامات،ستھرا پنجاب کی ٹیمیں متحرک ہیں -وزیراعلی نے اینٹی ڈینگی کمپین مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے-نارووال، ننکانہ صاحب اور پاکپتن سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں متعدی بیماری سے بچاؤ کے لئے کمپین جاری ہے- وزیراعلی نے گجرات میں سیلاب کی صورتحال پر ہنگامی اقدامات اٹھاتے ہوئے پنجاب کے پانچ بڑے شہروں کی واسا کی مشینری گجرات پہنچا دی گئی-وزیراعلی مریم نواز شریف کے حکم پرپانچ صوبائی سیکرٹری گجرات پہنچ گئے-گجرات میں سیلابی پانی کے نکاس کے ہنگامی ایکشن پلان پر چوبیس گھنٹے کام ہوگا- گجرات میں نکاسی آب اور سیوریج کے جدید نظام کے لیے پہلے سے منظور شدہ 21 ارب روپے کے پیکیج پر بلاتاخیر عملدرآمد شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیاہے-منصوبے کے تحت مستقبل میں نکاسی آب کا جدید انفراسٹرکچر تعمیر ہوگا-انجینئرنگ کے جدید خطوط پر سیلابی نالوں کا پورا نظام بنے گا -ایک ہفتے میں گجرات واسا کے نئے قائم ہونے والے ادارے کو بھاری مشینری فراہم کر دی جائے گی -گجرات میں نکاسی آب اور شہریوں کی مدد کے لئے 83 ٹیکنیکل مہارت رکھنے والے عملے کی بھی ہنگامی بنیادوں پر تعیناتی کردی گئی ہے-نکاسی آب کے 26 اورپینے کے پانی کی فراہمی کے 24 مزید پمپ بھی گجرات پہنچا دئیے گئے-7واٹر براؤزر اور 4 مٹی اور گندگی اٹھانے کی مشینیں (ایکسویٹرز)، ایندھن پہنچانے کا ایک ٹرک اور دو بڑے جنریٹر بھی گجرات پہنچا دئیے گئے-وزیراعلی مریم نواز شریف نے ڈسپوزل اسٹیشن کی موثر کارکردگی کی تعریف کی، جس نے ان علاقوں کی کلیئرنس کو یقینی بنایاہے-وزیراعلی نے گجرات میں سیلابی پانی کے نکاس کے عمل میں تیزی آنے پر اطمینان کااظہار کیا اور تمام ٹیم کو شابا ش دی ہے،ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ گجرات میں سیلابی پانی کی سطح میں تیزی سے کمی آ رہی ہے، فوارہ چوک کلئیر ہوچکا ہے -گجرات شہر میں صورتحال تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہے، جلد شہری اس مشکل سے مکمل نجات پائیں گے -صرف ایک دن میں سیلابی پانی کی سطح میں دو فٹ کمی آنا آپریشن کی کامیابی کی علامت ہے -وزیراعلی نے تمام ٹیم کو شاباش دی اور متعلقہ صوبائی سیکرٹریز، افسران اور عملے کی کاوشوں کی تحسین کی-سیلابی پانی کا بہاؤ موڑنے کے لیے لورائی کے مقام پر کام جاری ہے۔وزیراعلی کی پنجاب ٹیم صوبہ بھر میں مصروف عمل ہے-صوبہ بھر میں سیلاب متاثرین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی جاری ہے-متاثرین کے لئے پینے کے صاف پانی کے کنٹینر کا اہتمام کیا گیا ہے- کشتیوں میں رکھ کر پینے کے صاف پانی کے کنٹینر سیلاب متاثرین کو پہنچائے جارہے ہیں - پنجاب صاف پانی اتھارٹی اور دیگر ادارے سیلاب متاثرین کو صاف پانی فراہم کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں -سیلاب متاثرین کو منر ل واٹر کی بوتلیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں -شہباز پور فلڈ ریلیف کیمپ میں وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر پینے کے صاف پانی کے لئے وائٹ کنٹینر مہیا کر دئیے گئے- فلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم خاتون نے اپنے تاثرات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پینے کا صاف پانی مل رہاہے- جھنگ، سرگودھا اور دیگر شہروں میں واسا کے کنٹینربھی صاف پانی کی فراہمی میں مصروف ہیں -حافظ آباد میں واسا کی طرف سے منرل واٹر کی بوتلیں تقسیم کی گئیں - سیلاب متاثرین کو فلڈ ریلیف کیمپوں میں بوتل بند پینے کا صاف پانی پہنچایا جا رہاہے -قصور اور دیگر شہرو ں میں بوٹس پر رکھ کر صاف پانی کی ترسیل کا عمل جاری ہے-راجن پور کے دور دراز سیلاب متاثرہ علاقوں میں لوگو ں کو صاف پانی پہنچایا جا رہاہے-وزیراعلیٰ نے ملتان کے علاقے جلالپور میں کشتی ڈوبنے کے المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کااظہار کیاہے،انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیاہے-عید میلادالنبیؐ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہاکہ سلام ان پر جو رحمت للعالمین ہیں۔