مودی کی جگہ بھارتی وزیرخارجہ جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

08 ستمبر ، 2025

اقوام متحدہ( عظیم ایم میاں)اقوام متحدہ کی جانب سے جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے والے سربراہان مملکت اور سر براہان حکومت کے بارے میں جاری کردہ نئی عارضی فہرست کے مطابق مودی کی جگہ بھارتی وزیرخارجہ جنرل اسمبلی سے خطاب   کریں گے  وزیر اعظم شہباز شریف 26 ستمبر کی صبح دوسرے مقرر ہونگے جبکہ اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہوپہلے اور چین کے وزیر اعظم اس روز خطاب کرنے والے تیسرے مقرر ہونگے۔ برطانیہ کے وزیراعظم پانچویں مقرر ہونگے۔خدشہ تھا   جنرل اسمبلی پاکستان اور بھارت کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات  کا مرکز نہ بن جائے۔  بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کا اب کوئی پروگرام نہیں ‘نئی لسٹ کے مطابق بھارتی وزیراعظم کی جگہ بھارتی وزیر خارجہ 27 ستمبر کو 19 ویں مقرر کے طور پر خطاب کریں گے۔ اس سے قبل جاری کردہ فہرست کے مطابق 26 ستمبر کی صبح چھٹے مقرر بھارتی وزیراعظم تھے اور شہباز شریف نے اسی روز 19 ویں مقرر کے طور پرخطاب کرنا تھا۔ جس کے باعث اس بات کا خدشہ تھا کہ 26 ستمبر کوکشمیر، دہشت گردی‘مئی کی پاک بھارت جنگ ‘ سندھ طاس معاہدہ اور دیگر تنازعات کے تناظر میں جنرل اسمبلی پاکستان اور بھارت کے لیڈروں کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کی گرما گرمی کا مرکز نہ بن جائے۔ البتہ غزہ کی تباہی اور فلسطینی ریاست کو اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران تسلیم کئے جانے کے اعلانات کے امکانات کے باعث جنرل اسمبلی کا اجلاس امریکا‘اسرائیل‘مسلم ممالک‘ روس’ فرانس‘چین کے مابین بیانات ‘اقدامات اور سفارتکاری کا باعث بن سکتاہے۔