CSA،پہلی مرتبہ پروبیشنری افسران سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تعینات

08 ستمبر ، 2025

لاہور (آصف محمود بٹ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی لاہور نے پہلی مرتبہ تحت پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) کے پروبیشنری افسران کو پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے بعد جاری ریلیف، بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کی جا سکے۔’’جنگ‘‘ کو ملنے والے دستاویزات کے مطابق سول سروسز اکیڈمی کی جانب سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو بھیجے گئے باضابطہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 48ویں اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام (ایس ٹی پی) کے تحت زیر تربیت افسران کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی نگرانی میں متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ مجموعی طور پر 49 پروبیشنری پی اے ایس افسران اور گلگت بلتستان کے ڈسٹرکٹ مینجمنٹ سروس (ڈی ایم ایس) کے 6 افسران اس وقت اس کورس میں شامل ہیں جو 3 جولائی 2025 سے شروع ہوا اور 31 مارچ 2026 کو مکمل ہوگا۔یہ زیر تربیت افسران چھوٹے گروپوں میں تقسیم کرکے 15 سیلاب زدہ اضلاع میں تعینات کیے گئے ہیں اور وہ 8 ستمبر کی صبح اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو رپورٹ کریں گے۔ یہ افسران 14 ستمبر تک ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رہتے ہوئے کیمپ مینجمنٹ، امدادی سامان کی تقسیم، سروس ڈلیوری کی نگرانی اور فیلڈ سطح پر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہم آہنگی کے فرائض انجام دیں گے۔ پاکستان سول سروسز اکیڈمی کی طرف سے جاری احکامات کے مطابق ضلع نارووال میں محمد عامر خان، اسلام اسلم، ممینہ جواد، محمد اویس سلطان، پاکپتن میں محمد حسنات امان، محمد اسامہ، خانسہ ملک، ساہیوال میں حارث علی وڑائچ، افتخار علی، اقصی نورین، زوپاش آغا، اوکاڑہ میں مریم زاہد، ثناء اللہ، توصیق احمد، کیپٹن ریٹائرڈ محمد ادریس، قصور میں عشرت فاطمہ، رابعہ اکرم، مجاہد وسیم درانی، محمد عبداللہ، منڈی بہاؤالدین میں محمد طیب، زہرہ منیر، اکبر درانی، حافظ آباد میں حمزہ عامر ہاشمی، ثناء شفقت، محمد شعیب، آصفہ سلیم، گوجرانوالہ میں کیپٹن ریٹائرڈ محمد یحییٰ، سہیل خان، سحرش رحمت، صوفیہ نور، سیالکوٹ میں داؤد احمد، سہیل آفریدی، مهوش ارشاد، علیزہ)، چنیوٹ میں صفت اللہ، ماہ رخ ملک، سمروز خان، جھنگ میں اکاشہ ابرار رانا، عمر اقبال، عدیل ریاض، نورالہدیٰ، ملتان میں ثنا اعجاز، آمنہ بتول، سبیح احمد، کیپٹن ریٹائرڈ حارث احمد، سرگودھا میں تانیا اظہر، تیرتھ کمار، جویریہ در، سمیع احمد، لودھراں میں کائنات، عبد الزمان، کیپٹن ریٹائرڈ احمد فراز عظیم اور بہاولپور میں فلائٹ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ فیضان احمد، شاہیر بانو، احسن شہزاد شاہ کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیلڈ تعیناتی دوہرا مقصد پورا کرے گی: ایک طرف حکومت کے انسانی ہمدردی پر مبنی ردعمل کو مزید مستحکم کرے گی اور دوسری طرف نوجوان افسران کو بحران کے دوران عملی تجربہ اور بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کا نایاب موقع فراہم کرے گی۔ اس اقدام کو ایک اہم تربیتی مشق بھی قرار دیا جا رہا ہے جو افسران کی صلاحیت کو جانچے گی کہ وہ میدان میں حقیقی وقت کے چیلنجز سے کس طرح نبردآزما ہوتے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی ریلیف سرگرمیوں کو کس طرح تقویت پہنچاتے ہیں۔سول سروسز اکیڈمی کے اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے تربیتی عمل کو عملی میدان کے ساتھ جوڑنے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔ یہ اقدام اس وسیع تر سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت نئی نسل کے سول سرونٹس کو نہ صرف نظریاتی علم بلکہ آپریشنل صلاحیت کے ساتھ ہنگامی حالات میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے تاکہ وہ مشکل وقت میں عوام کی خدمت بہتر انداز میں کر سکیں۔