چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید

08 ستمبر ، 2025

اسلام آباد (صالح ظافر) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی کے حکومت سیلاب سے متاثرہ آبادی کی مدد کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو ’’آفت زدہ علاقے‘‘ قرار دیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر متاثرین کی مدد کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری مالکان کو قرضے فراہم کرنے کے ایک منصوبے پر غور کر رہی ہے۔ یہ قرضے آسان اقساط پر بینکوں کے ذریعے دیے جائیں گے۔ تباہی نے وسیع علاقوں میں جان و مال دونوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی سینیٹر نے عوام کی تکالیف پر افسوس کا اظہار کیا اور یاد دلایا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ریلیف اور بحالی کے لیے مزید منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے رجسٹریشن کے عمل میں تبدیلیاں زیر غور ہیں تاکہ اسے مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ایک متاثرہ فرد تک پہنچنا اور اس کی مدد کرنا ممکن نہیں ہے۔