سعودی عرب،مساجد میں بھیک مانگنے پر 2پاکستانیوں سمیت 4افراد گرفتار

10 اپریل ، 2022

  ریاض (جنگ نیوز )سعودی عرب کے دارالحکومت کی ایک مسجد میں بھیک مانگنے پر 2 پاکستانیوں سمیت 4غیر ملکیوں کو گرفتار کرکے ملک بدر کردیا گیا۔مسجد میں والد کے لئے علاج اور وطن واپسی کیلئے کرایہ مانگنے کی کوشش کی گئی ،غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں ’’مسجد الرحیم‘‘ میں دو بھکاریوں نے بیمار والد کے علاج کے لیے 20ہزار ریال کی مالی امداد کی اپیل کی تاہم جب ایک نمازی نے اُن سے باز پرس کی تو وہ بھاگ کھڑے ہوئے اور ایک کار میں فرار ہوگئے۔یہ سارا منظر مسجد کے سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگیا جس کے بعد ریاض پولیس نے بھکاریوں کی شناخت کرکے انھیں حراست میں لے لیا۔ اسی طرح وطن واپسی کے لیے کرایہ مانگنے والے دو بھکاریوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ریاض پولیس کے مطابق ان چاروں بھکاریوں کو ملک بدر کردیا گیا ہے جن میں سے دو پاکستانی اور دو سوڈانی ہیں۔ سوڈانی شہریوں کے ساتھ دو خواتین بھی تھیں جن کے قبضے سے 56 ہزار 348 ریال بھی برآمد ہوئے۔