دوحا،کراچی (اے ایف پی، نیوزڈیسک ) اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحا پر فضائی حملہ کردیا، دوحہ میں حماس کے رہنمائوں کی رہائشگاہوں کو نشانہ بنایا گیا، قطری دارالحکومت دھماکوں سے گونج اٹھا جبکہ آسمان پر دھویں کے بادل چھا گئے ،حملے کے وقت حماس کےچیف مذاکرات کار خلیل الحیا، خالد مشعل اور دیگر مرکزی رہنما امریکا کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی تجویز پر غور کیلئے ملاقات کررہے تھے ،حماس کا کہنا ہے کہ حملے میں خلیل الحیا کا بیٹا،3محافظ اور ایک معاون سمیت6افراد شہید ہوگئے جبکہ مرکزی رہنما محفوظ رہے ہیں اور دشمن اپنے عزائم میں ناکام رہا، قطر نے کہا ہے کہ حملے میں ان کا ایک سکیورٹی آفسیر بھی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ،اسرائیل نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے امن مذاکرات میں شریک حماس کے مرکزی رہنمائوں کو نشانہ بنایا ہے ،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ یہ حملہ یروشلم پر حملے کا جواب تھا،امریکا نے کہا ہے کہ انہوں نے حملے سے قبل دوحا کو آگاہ کردیا تھا تاہم قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس وقت انہیں آگاہ کیا گیا اس وقت حملہ شروع ہوچکا تھا،وائٹ ہائوس کی ترجمان نے کہا ہے کہ ٹرمپ اپنے اتحادی کی سرزمین پر حملے سے متفق نہیں تھے،قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ مجرمانہ حملہ تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی اور قطری شہریوں اور قطر میں مقیم افراد کی سلامتی و تحفظ کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے، قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے خبردار کیا ہے کہ ان کا ملک دوحہ میں حماس پر اسرائیل کے مہلک حملے کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے،انہوں نے اسے خطے کے لیے ایک "اہم لمحہ" قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ قطر بلا خوف وخطرثالثی کا کردار ادا کرتے رہے گا۔وائٹ ہائوس نے اسرائیل کے حملوں سے خود کو الگ کرتے ہوئے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحادی قطر کے لیے حمایت کا اعادہ کیا، جبکہ اس بات کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا کہ آیا اسرائیل نے اپنے حملے سے قبل واشنگٹن کو آگاہ کیا تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر معمولی طور پر اسرائیل پر برہمی کا اظہارکیا ہے،وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل کے اپنے اتحادی کی سرزمین پر فوجی کارروائی کے فیصلے سے متفق نہیں تھے اور انہوں نے حملوں سے قبل قطر کو پیشگی خبردار کر دیا تھا۔عالمی برادری نے حملے پرشدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مجرمانہ اقدام قرار دیا ہے ،سعودی عرب ،ترکیہ ، چین، جرمنی، برطانیہ، فرانس، پاکستان، ایران ، متحدہ عرب امارات ،مصر،کویت، اردن ، عراق، مراکش، شام، یمن، الجزائر، لبنان، عمان،فلسطینی اتھارٹی، اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس،خلیج تعاون کونسل، اسلامک جہاد و دیگر ممالک اور تنظیموں نےحملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قطرکیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے قطری امیر کو فون کرکےاسرائیلی حملوں کی مذمت کی ،قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان چٹان کی طرح قطری عوام کےساتھ کھڑا ہے۔ برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے کہا ہے کہ اس جنگ کو خطے میں مزیدپھیلنے کی اجازت نہیں دینا چاہئے۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری، کیرولین لیویٹ نے نامہ نگاروں کو ایک بیان پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ اگرچہ حماس کا خاتمہ ایک "قابل قدر ہدف" تھا، لیکن قطری دارالحکومت میں حملہ "اسرائیل یا امریکا کے مقاصد کو آگے نہیں بڑھاتا"۔"صدر قطر کو امریکا کا ایک مضبوط اتحادی اور دوست سمجھتے ہیں اور اس حملے کے مقام پر بہت افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔"وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری، کیرولین لیویٹ نے ایک بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا، "صدر ٹرمپ نے فوری طور پر خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کو آنے والے حملے کے بارے میں قطریوں کو مطلع کرنے کی ہدایت کی، جو انہوں نے کیا۔"انہوں نے کہا کہ امریکی فوج نے ٹرمپ انتظامیہ میں دیگر افراد کو اسرائیل کے آنے والے حملے سے آگاہ کیا تھا، لیکن انہوں نے بار بار یہ واضح کرنے سے انکار کیا کہ آیا فوج کو اسرائیل کی جانب سے پہلے آگاہ کیا گیا تھا۔اسرائیلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ حملے سے قبل امریکا کو اعتماد میں لیا تھا جبکہ واشنگٹن نے حملے میں مدد بھی فراہم کی۔ حماس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ اُس وقت ہوا جب حماس کے مذاکرات کار امریکا کی جانب سے پیش کی گئی تازہ ترین جنگ بندی کی تجویز پر غور کرنے کے لیے ملاقات کر رہے تھے۔قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الانصاری نے کہا کہ یہ حملہ ایک رہائشی عمارت پر کیا گیا، جہاں حماس کے سیاسی بیورو کے متعدد ارکان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مقیم ہیں۔اسرائیل وزیراعظم نیتن یاہو اور انتہا پسند وزیر خزانہ بذالیل اسموٹریچ نے دوحہ میں حماس کی قیادت پر اجلاس کے دوران کیے گئے فضائی حملے کودرست اقدام قرار دیتے ہوئے اس کا دفاع کیا ہے ۔ ان کے مطابق یہ حملہ اسرائیلی فوج اور خفیہ ایجنسی شین بیت نے کیا ہے۔ اسرائیلی پارلیمنٹ کے اسپیکر، امیر اوہانا نے سوشل میڈیا پر دوحا پر اسرائیلی حملوں کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کے ساتھ عربی میں ایک کیپشن لکھا جس کا اردو ترجمہ ہے: "یہ پورے مشرق وسطیٰ کے لئے ایک پیغام ہے۔" سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک گفتگو میں حملے کو مجرمانہ اقدام قراردیا۔سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ " ولی عہد نے قطر کے ساتھ مملکت کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے اور ریاست قطر پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کی، جو ایک مجرمانہ فعل اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔"ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حملے سے واضح ہوگیا کہ اسرائیل جنگ بندی میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا اورخطے میں اس کے عزائم توسیع پسندانہ ہیں اور دہشتگردی اس کی ریاستی پالیسی ہے۔ حملے کے بعد دوحہ میں امریکی سفارتخانے نے اپنے عملے کے لیے جاری کردہ سکیورٹی الرٹس منسوخ کر دیے ہیں۔فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ دوحا پر حملوں سے خطے کا استحکام خطرے میں پڑگیا ہے۔پوپ لیو نے قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد کہا ہے کہ صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے ۔دریں اثناء غزہ میں قید اسرائیلی شہریوں کی رہائی کے لیے سرگرم اسرائیلی گروپ نے منگل کے روز حماس کی قیادت پر قطر میں ہونے والے اسرائیلی حملے کے بعد "گہری تشویش" کا اظہار کیا ہے، جو جنگ بندی مذاکرات میں ثالثی کر رہا ہے۔
اسلام آ باد بیورو کریسی کیلئے اہم خبر ہے ،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 19میں ترقی کیلئے لازمی مڈ کیریئر مینجمنٹ...
اسلام آباد پاکستان اور بنگلہ دیش نے سائبر جرائم اور آن لائن فراڈ سے نمٹنے کیلئے تعاون کو مضبوط بنانے پر...
اسلام آباد عالمی بینک نے بجلی کی ترسیلی نظام کی بہتری کیلئے پاکستان کو 37کروڑ59لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ،...
اسلام آباد نجکاری کمیشن بورڈ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی نجکاری کےلئے...
لاہور پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا پراسیکیوٹرز کے اختیارات اور ذمہ داریوں کا نیا نظام نافذ۔مقدمات...
اسلام آبادوزیراعظم شہباز شریف سےا قوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار وں ریبیکا گرینسپین اور...
لندن برطانیہ کے علاقے رچمنڈ میں واقع وہ تاریخی گھر جہاں پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان اپنی سابقہ اہلیہ...
اسلام آباد حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ، پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری...