رانا ثناء کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائیگا اہم قلمدان تفویض ہونے کا امکان

10 ستمبر ، 2025

اسلام آباد (محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار)رانا ثناء اللہ خان کو بطور سینیٹر وفاقی کابینہ میں شامل کیا جائے گا اہم قلمدان تفویض ہونے کا امکان ،وہ ڈیڑھ سال کے لئے بطور سینیٹرچنے گئے ہیں مارچ 2027 میں سینیٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے،حلف برداری اختتام مہینہ ہوگی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ان سے حلف لیں گے،رانا ثناء اللہ پی ڈی ایم حکومت میں وفاقی داخلہ رہے تھے وہ بدستور اسی وزارت کے خواہاں تھے کہ قومی اسمبلی کا رکن نہیں بننے دیئےگئے فی الوقت وفاقی وزارت داخلہ میں مکمل وزیر کے علاوہ وزیر مملکت اور وزیراعظم کے مشیر بھی ہیں،فروری کے انتخابات کے بعد وہ حکومت میں شامل نہیں ہونا چاہتے تھے نواز شریف کے اصرار پر وزیر اعظم کا مشیر بننا منظور کیا تھا،وزیراعظم کے سیاسی اور عوامی امور کے لیے مشیر رانا ثناء اللہ خان کو وفاقی کابینہ میں بطور وزیر شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ توقع ہے کہ انہیں اہم قلمدان سونپا جائے گا۔ منگل کو پنجاب اسمبلی سے سینیٹ کارکن منتخب ہونے کے فوری بعد انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعظم انہیں جو بھی ذمہ داری تفویض کریں گے، وہ اپنی پوری کوشش سے اسے انجام دینے کی کوشش کریں گے۔ فی الوقت وہ وزیراعظم کے چار مشیروں میں شامل ہیں جو غیر منتخب ہیں، ان میں ڈاکٹر سید توقیر علی شاہ، پرویز خٹک اور محمدعلی شامل ہیں۔ مشیر رانا ثناء اللہ خان اضافی طور پر بین الصوبائی رابطے کے مشیر کی حیثیت بھی رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ ان کا انتخاب ڈیڑھ سال کی مدت کے لیے عمل میں آیا ہے۔ وہ تحریک انصاف کے مشیر اعجاز چوہدری کے9مئی کی دہشت گردی کے واقعات میں سزایاب ہونے سے خالی نشست پر رکن بنے ہیں اور مارچ2027ء میں بطور سینیٹر ریٹائر ہوجائیں گے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ سینیٹر رانا ثناء اللہ خان وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان حاصل کرنے کے لیے انتہائی مضبوط امیدوار ہوتے، وہ شہبازشریف کی پی ڈی ایم حکومت میں وفاقی وزیر داخلہ تھے اور9مئی کے پرتشدد واقعات ان ہی کے دور میں تحریک انصاف نے انجام دیئے تھے۔ ان ہی واقعات میں ملوث ہونے کی پاداش میں سینیٹر اعجاز چوہدری کے ماخوذ ہونے اور سزا پانے کے باعث خالی شدہ نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔ وفاقی وزارت داخلہ میں سینیٹر محسن رضا نقوی کو مضبوط ترین وزیر تصور کیا جاتا ہے۔