ایف سی لائنز بنوں پر خودکش حملہ میں زخمی ہونیوالے میجر عدنان شہید ہو گئے

10 ستمبر ، 2025

بنوں،راولپنڈی ( نامہ نگار+ایجنسیاں) ایف سی لائنز بنوں پر خودکش حملہ میں زخمی ہونیوالے میجر عدنان شہید ہو گئے تفصیلات کے مطابق بنوں میں ایف سی لائنز پر عسکریت پسندوں کے حملہ کے دوران بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے والے میجر عدنان شدید زخمی ہو گئے تھے جنہیں سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا تھا گزشتہ روز میجر عدنان علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے بنوں میں فرنٹیئر کانسٹبلری لائن پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے دوران اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے افسر میجر عدنان نے بہادری کی لازوال مثال قائم کی۔ بنوں ایف سی لائنز پر حملہ کے دوران میجر عدنان نے فرنٹ لائن پر بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا تھا اور اپنے ساتھی کو بچانے کے لیے اس کے سامنے ڈھال بن گئے جس دوران انہیں چار گولیاں لگیں ہسپتال ذرائع کے مطابق ہوش میں آنے پر انہوں نے سب سے پہلے اپنے اسی ساتھی کی خیریت دریافت کی تھی۔ میجر عدنان کا تعلق ایس ایس جی 5 کمانڈو بٹالین سے تھا۔میجرعدنان اسلم شہید کی نمازجنازہ چکلالہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی جس میں وزیراعظم شہبازشریف ،وزیر دفاع، وزیر اطلاعات، فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر اعلی عسکری و سول افسران اور شہید کے اہل خانہ نے شرکت کی ۔