عسکری شکست کے بعد بھارت کھیل میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ، وزیر اطلاعات

17 ستمبر ، 2025

اسلام آباد(طاہر خلیل)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عسکری میدان میں شکست کے بعد بھارت اب کھیل کے میدان میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، ایک ایسی قوم جو اخلاقی طور پر دیوالیہ ہو  وہ ہمیشہ اس طرح کے تماشوں کا سہارا لے گی  یہ بھارت کی سبکی سے بچنے کی ناکام کوشش ہے، ہم نے اپنی عسکری برتری ثابت کی اور بھارت کے چھ طیارے مار گرائے، ہم نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جس کے بعد بھارت کو جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی اور اب وہ کھیل کے میدان میں سیاست کر رہا ہے، ایک ایسی قوم جو اخلاقی طور پر دیوالیہ ہو اور جس کے پاس کوئی اقدار نہ ہوں وہ ہمیشہ اس طرح کے تماشوں کا سہارا لے گی، پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، پاکستان نے خطے میں پائیدار امن کے لئے ہمیشہ موثر کردار ادا کیا، پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز میں ڈاکٹر رابعہ اختر کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ایک حریف ملک ہے جس کی پالیسیاں فریب اور دغا بازی پر مبنی ہیں۔ ”ابھرتے ہوئے بھارت“ کا جھوٹا تصور اور جنوبی ایشیاء میں دبنگ بننے کا کردار پاکستان نے چار روزہ جنگ میں نہایت موثر انداز میں ناکام بنایا، پوری دنیا نے دیکھا کہ جب ایک جارح نے بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت کی تو پوری پاکستانی قوم یکجا ہوگئی اور ہمارے جواب نے دشمن کو نہ صرف پسپا ہونے پر مجبور کیا بلکہ اُس نے جنگ بندی کی درخواست بھی کی،انہوں نے کہا کہ اس چار روزہ جنگ نے ہمیں اہم اسباق سکھائے۔ بطور طالب علم تاریخ اور سیاستدان پہلا سبق یہ سیکھا کہ کوئی بھی جارح، قابض یا قانون شکن ملک کبھی مظلوم نہیں بن سکتا، پہلگام واقعہ اور اس کے تحت رچایا گیا ”فالس فلیگ آپریشن“ اس کی نمایاں مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ بھارت اپنے موقف کو کس طرح ثابت کر سکتا ہے جبکہ دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار پاکستان خود ہے،نئی دہلی کی پالیسی شدید تضادات کا شکار ہے،پاکستان نے پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ اور منصفانہ تحقیقات کی پیشکش کی جس سے یہ ثابت ہوا کہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں، پہلگام واقعہ پر پاکستان نے تشویش ظاہر کی لیکن جعفر ایکسپریس پر حملہ تاریخ کی بدترین ہائی جیکنگ میں سے ایک تھا، بھارت اس واقعہ کی مذمت یا کم از کم تشویش ظاہر کرنے سے کیوں ہچکچاتا رہا؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی خواہش کی ہے۔