پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات اگست میں 7.3 فیصد کم ہوکر 1.52 ارب ڈالر رہ گئیں

17 ستمبر ، 2025

اسلام آباد(اسرارخان ) پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات اگست 2025 میں 7.3 فیصد کمی کے ساتھ 1.52 ارب ڈالر رہ گئیں، جو گزشتہ سال کے اسی ماہ میں 1.68 ارب ڈالر تھیں۔ جولائی 2025 کے مقابلے میں بھی برآمدات میں 9.29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔پاکستان کے ادارہ شماریا ت کے مطابق نٹ ویئر برآمدات 3.72 فیصد کم ہو کر 445.7 ملین ڈالر رہیں۔ریڈی میڈ گارمنٹس 9.6 فیصد کمی کے ساتھ 328 ملین ڈالر ہوگئیں، بیڈ ویئر 7.3 فیصد کمی کے ساتھ 269 ملین ڈالر،تولیے 15.3 فیصد کمی کے ساتھ 85.2 ملین ڈالر،کاٹن کلاتھ 13.7 فیصد کمی کے ساتھ 157.5 ملین ڈالر اورتاہم، کاٹن یارن 15.1 فیصد اضافے کے ساتھ 63 ملین ڈالر رہا۔خوراک کے شعبے میں برآمدات 35.2 فیصد کمی کے ساتھ 347.6 ملین ڈالر رہیں۔ چاول کی برآمدات 43.5 فیصد گر کر 146.3 ملین ڈالر ہو گئیں، جب کہ باسمتی چاول کی برآمدات میں 48.5 فیصد کمی کے ساتھ صرف 51.5 ملین ڈالر رہ گئیں۔دوسری جانب کھیلوں کے سامان کی برآمدات 11.4 فیصد بڑھ کر 36.3 ملین ڈالر رہیں، جن میں فٹبال کی برآمدات 9.7 فیصد اضافے کے ساتھ 22.96 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔سیمنٹ برآمدات میں 70.1 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا جو 37.8 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔سرجیکل آلات کی برآمدات 6.04 فیصد کمی کے ساتھ 36.3 ملین ڈالر رہیں۔درآمدات میں، پٹرولیم گروپ کی درآمدات 14.6 فیصد کم ہو کر 1.19 ارب ڈالر رہیں، تاہم مشینری گروپ کی درآمدات میں 15.3 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ موبائل فونز کی درآمدات 95.7 فیصد اضافے کے ساتھ 155 ملین ڈالر رہیں، جب کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کی درآمدات میں بھی 58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔