جون کے بعد ،ٹرمپ کا مودی کو پہلا فون، 75ویں سالگرہ پر مبارکباد دی

17 ستمبر ، 2025

لاہور(خالدمحمودخالد) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کو اُن کی 75ویں سالگرہ پر فون کر کے مبارکباد دی۔ یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان جون 2025 کے بعد پہلا براہِ راست رابطہ تھا۔ وائٹ ہاؤس اور بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق، فون کال کے دوران ٹرمپ نے مودی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہت شاندار کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ اور بھارت آنے والے دنوں میں تجارتی تعلقات کو نئی سطح تک لے جائیں گے۔ وزیرِاعظم مودی نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بھارت امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ "امریکہ بھارت کا قریبی دوست اور اسٹریٹجک پارٹنر ہے، ہم مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔ دونوں کے درمیان یوکرین تنازع پر بھی گفتگو ہوئی۔ مودی نے ٹرمپ کی امن کوششوں کی حمایت کی اور کہا کہ بھارت ہر اس اقدام کی حوصلہ افزائی کرے گا جو جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کی طرف لے جائے۔ ذرائع کے مطابق تجارتی مذاکرات بھی اس گفتگو کا ایک مرکزی حصہ تھے۔ دونوں رہنماؤں نے تجارتی معاہدوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔