وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے دورہ پر روانہ ہوں گے

17 ستمبر ، 2025

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )وزیراعظم شہباز شریف آج ریاض( سعودی عرب) کے دورہ پر روانہ ہوں گے۔غزہ کی صورتحال اور قطر پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں دورہ سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر اعظم کی آج سعودی ولی عہد و وزیر اعظم محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہو گی۔محمد بن سلمان سے ملاقات آج شام کو ریاض میں ہو گی۔ملاقات میں دو طرفہ امور کے علاوہ کثیر الجہتی معاملات۔ علاقائی و عالمی امور اور سیکیورٹی معاملات پر بھی بات چیت ہو گی۔وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب مکمل کر کے برطانیہ جا ئیں گے۔برطانیہ میں وزیراعظم کی برطانوی حکام سے ملاقاتیں ہوں گی۔ وزیر اعظم 20ستمبر کو اورسیز کنونشن سے خطاب کریں گے۔وزیر اعظم کی برطانیہ میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے بھی ملاقات متوقع ہے۔وزیراعظم 21 ستمبر کو برطانیہ سے ہی امریکہ روانہ ہوجائیں گے۔وزیراعظم کی 22 ستمبر کو فلسطین کے دو ریاستی حل پر سربراہ کانفرنس میں نیویارک میں شرکت متوقع ہے۔ وزیر اعظم نیویارک۔ امریکہ میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب 26 ستمبر کو ہوگا۔وزیراعظم 27 ستمبر کو امریکہ سے وطن واپس روانہ ہونگے۔وزیراعظم 29 ستمبر کو براستہ برطانیہ وطن واپس پہنچیں گے۔