اندرون سندھ ڈاکوؤں کو سمز کی فروخت،نادرا ملازمین سمیت 8گرفتار

05 دسمبر ، 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کراچی نے نادرا کا ڈیٹا لیک ہونے سے غیر قانونی سمیں حاصل کر کے فراڈ میں ملوث نادرا ملازمین سمیت 8افراد کو گرفتار کرلیا ہے ،ملزمان کے خلاف سکھر اور گھوٹکی میں کارروائیاں کی گئیں ،موبائل سمیں فروخت کرنے والی رجسٹرڈ فرنچائز کی دو درجن سے زائد بائیو میٹرک مشینیں ،10ہزار سے زائد سیلیکون انگوٹھے ،5سو سے زائد غیر قانونی رجسٹرڈ کی گئیں سمیں ،نادرا ریکارڈ سے حاصل کئے گئے شناختی کارڈ نمبر ،لیپ ٹاپ سمیت دیگر آلات بھی ضبط کرلئے گئے ہیں۔ہفتہ کو ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ عمران ریاض نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ کراچی اور اندرون سندھ ڈاکووں کی سرکوبی کے لیے آپریشن سائبر اسٹارم شروع کردیاہے ،سربراہ کرائم سیل عمران ریاض نے کہا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کی غیر قانونی سموں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اندرون سندھ کچے کے علاقوں میں بھی بڑی کامیابی حاصل کر لی گئی ہے، 8افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں نادرا کے بھی 2ملازمین شامل ہیں۔ جعلی سمز کی رجسٹریشن کرا کر کچے کے ڈاکوئوں کو فراہم کی جا رہی تھیں اور اس میں وفاقی ادارے کے ملازمین بھی ملوث ہیں جب کہ جنوبی پنجاب میں کے کچھ علاقوں میں بھی ملزمان کے بین الصوبائی رابطے تھے۔