سراج درانی کا 2؍ روزہ راہداری ریمانڈمنظور،کراچی پہنچ گئے

05 دسمبر ، 2021

اسلام آباد ( آن لا ئن، جنگ نیوز ) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آغا سراج درانی کا 2 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔ آغا سراج درانی نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر گرفتاری دی، 20سال سے ہمارے ساتھ یہی سلوک ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے گرفتار اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا اور دو روزہ راہداری ریمانڈر کی استدعا کی۔ جج احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ میرا خیال ہے آغا سراج درانی پہلے بھی پیش ہوئے تھے؟ تفتیشی افسر کا عدالت میں جواب دیا کہ سراج درانی دو سال پہلے گرفتار ہوئے تھے۔جج نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ آغا سراج درانی کوکراچی کب لے کے جانا ہے؟ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ فلائٹ کا شیڈول دیکھ رہے ہیں، پہلے ممکنہ فلائٹ پر لے جایا جائیگا۔ عدالت نے آغا سراج درانی سے پوچھا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ اسپیکر سندھ اسمبلی نے جواب دیا کہ بس جلدی بھجوا دیں۔ عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے آغا سراج درانی کو دو روزہ راہداری ریمانڈ پر دید یا۔ عدالت نے نیب کو پیر کے روز تک آغا سراج درانی کو احتساب عدالت کراچی میں پیش کرنیکا حکم دیا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔دریں اثناء ذرائع کے مطابق رات گئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو لےکرنیب ٹیم کراچی پہنچ گئی۔ قبل ازیں اسلام آباد میں آغا سراج درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر گرفتاری دی ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ آغا صاحب آپ کراچی میں کیوں نہیں گرفتار ہوتے، ہمیشہ اسلام آباد سے ہوتے ہیں، آغا سراج درانی نے جواب دیا کہ بس جہاز میں آنے جانے کا شوق ہے۔ بیس سال سے ہمارے ساتھ یہی سلوک ہو رہا ہے۔