GHQحملہ کیس؛خصوصی عدالت کاویڈیو لنک ٹرائل روکنے سے انکار، درخواست مسترد

28 ستمبر ، 2025

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں ویڈیو لنک ٹرائل روکنے سے انکار کرتے ہوئے ،عمران کی درخواست مستردکردی ، فاضل عدالت نے کہا کہ جب تک ٹرائل منتقلی سے متعلق پنجاب حکومت کا نوٹیفکیشن معطل نہیں ہوگا عدالتی کارروائی نہیں روک سکتے چونکہ اس حوالے سے حکومتی نوٹیفکیشن اور ہائی کورٹ کے احکامات موجود ہیں 2023 میں قانون شہادت میں ترمیم کے بعد وڈیو لنک کی وضاحت کردی گئی ہے آپ کی دو درخواستوں پر عدالت فیصلہ دے چکی ہے حیرانی ہے آپ پڑھتے ہی نہیں، عدالت نے استغاثہ کے تین گواہوں کے بیانات قلمبند کرکے 30 ستمبر کو مزید چار گواہ طلب کرلئے، فریقین کے دلائل کے دوران عدالت میں گرما گرمی ، وکلائے صفائی اور پراسیکیوشن ٹیم کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوتا رہا ،درخواست گزار وکلا نے دھمکی دی کہ ہم اس طرح ٹرائل نہیں چلنے دیں گے ، پراسیکیوٹر اکرام امین منہاس نے کہا کہ کیس کا ٹرائل کسی صورت نہیں روکا جاسکتا،عدالت نے عمران کے وکلاء کی طرف سے گزشتہ سماعت پر استغاثہ کے جن آٹھ گواہان کے بیانات قلمبند ہوئے تھے انہیں دوبارہ طلب کرنے کی درخواست پر پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کر دیا،قبل ازیں عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی بذریعہ ویڈیو لنک حاضری لگائی ، تین گواہوں انسپکٹر عصمت کمال، انسپکٹر تہذیب الحسن اور اکبر عباس نے اپنے بیانات قلمبند کروائے ۔