بھارتی ایجنٹوں نے پاکستان اور نیپال میں قتل کی منصوبہ بندی کی،امریکی حکام

28 ستمبر ، 2025

کراچی ( نیوزڈیسک)امریکا میں حکام کا کہنا ہے کہ کرائے کے قتل سازش پکڑی گئی ہے جس میں چیک ری پبلک سے گرفتار ہونے والا ایک بھارتی سرکاری اہلکار نکھل گپتا ملوث تھا اور اس سازش میں میں پاکستان یا نیپال میں ایک اضافی قتل کی منصوبہ بندی بھی شامل تھی، امریکی ٹی وی بلوم برگ کے مطابق یہ الزام استغاثہ نے عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات میں عائد کیا ہے۔امریکی محکمہ انصاف نے گزشتہ سال نکھل گپتا نامی ایک بھارتی شہری پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے نیویارک میں سکھ عقیدے کے ایک امریکی شہری کو قتل کرنے کی کوشش کی۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ گپتا کو یہ حکم وکاش یادو نے دیا، جو بھارت کی بیرونی انٹیلیجنس ایجنسی کا افسر ہے۔ گپتا کو جون 2023 میں چیک ریپبلک سے گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کیا گیا۔ یادو تاحال بھارت میں موجود ہے۔امریکی استغاثہ کا الزام ہے کہ بھارتی ایجنٹ نے پاکستان یا نیپال میں قتل کی منصوبہ بندی بھی کی۔