صرف پاکستان کھپے کا نعرہ لگاتے ہیں، پیپلزپارٹی

06 اکتوبر ، 2025

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہم تو ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ لگانے والے ہیں، مشکل وقت پر سیاست کرنے والوں پر ہم لعنت بھیجتے ہیں، پنجاب حکومت ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنا رہی ہے، ایسا ماحول بنایاجا رہا ہے کہ وفاقی حکومت کوسپورٹ نہ کریں، پیپلزپارٹی کو کوئی بولے ہم آپکی انگلی توڑ دیں گے تو کیا ہم ڈر جائینگے، ہم نہیں ڈرینگے پنجاب حکومت کا رویہ سمجھ سے بالاتر ہے ہمیں نشانہ بنا کر وفاقی حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت شہباز شریف سے انتقام لینا چاہتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کچھ دنوں سے پنجاب حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، پنجاب حکومت کی طرف سے مسلسل تنقید کا مقصد سمجھ سے باہر ہے، وزیراعلیٰ کا اسکرپٹ رائٹر ان کو غلط راہ پر لے جا رہا ہے، اسکرپٹ رائٹر نے انہیں کہا اب پنجاب کارڈ کھیلو، کارکردگی پر تنقیدکریں، اختلاف ہو سکتے ہیں مگر نفرت نہ پھیلائیں انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کا حصہ نہیں ہیں، لیکن ایشوز پر حکومت کو سپورٹ کرتے ہیں، ہم تو آپ سے بات نہیں کر رہے، وفاق سے کر رہے ہیں، پنجاب حکومت کا اصل ٹارگٹ وفاقی حکومت ہے، ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پنجاب حکومت کی وفاق حکومت کیخلاف ہونے والی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دینگے۔شرجیل میمن نے کہا کہ میرا پانی میری مرضی جیسی باتیں کوئی آئین کو ماننے والا نہیں کر سکتا، میں بھی میری بجلی میری گیس، میرا کوئلہ میری مرضی کہہ سکتا ہوں لیکن نہیں کہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کہ ہم نے 100 کام کیے اور ہم دکھا سکتے ہیں، ہم نے ای وی بس شروع کی، ہمارا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بی آئی ایس پی پر اعتراضات کیے گئے، حالانکہ وزیر اعظم نے رمضان پیکیج بھی اسی ڈیٹا کی بنیاد پر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے عالمی اداروں سے بات کی جائے، وزیر اعظم نے عالمی برادری سے مدد مانگی، اس وقت کہا گیا کہ ایک خوددار شخص امداد کی اپیل کیسے کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے ذمہ دار ممالک سے امداد کے لئے رابطے ضروری ہیں۔