دو ریاستی حل نامنظور، ریاست صرف فلسطین اور قیادت صرف حماس، جماعت اسلامی

06 اکتوبر ، 2025

کراچی(اسٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ فلسطین کا کوئی دوریاستی حل قبول نہیں، ریاست صرف ایک فلسطین اور قیادت صرف ایک حماس کی ہے،اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچا تو حکمرانوں کا نان نفقہ بند کردینگے، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اہل پاکستان کی رائے دیکھ لیں ،حماس کا مؤقف تسلیم کر کے اسکے ترجمان بنیں اور کسی بھی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کئے بغیر پاکستان میں حماس کا دفتر کھولنے کا اعلان کریں، دیگر اسلامی ممالک میں بھی حماس کا دفتر کھولا جائے،پاکستان کے عوام اہل غزہ کے ساتھ ہیں۔ وہ جماعت اسلامی کے تحت امریکی پشت پناہی سے اسرائیلی افواج کی غزہ پر بمباری، خواتین و بچوں سمیت ہزاروں فلسطینیوں کی نسل کشی، صمود فلوٹیلا پر حملے کے خلاف اورا ہل فلسطین و حماس سے یکجہتی کیلئے شارع فیصل پر عظیم الشان ’یکجہتی غزہ مارچ‘ سے خطاب کررہے تھے۔مارچ میں مردو وخواتین، مختلف طبقات و مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ لاکھوں افراد نے شرکت کی ۔فضا لبیک یا اقصیٰ لبیک یا غزہ کے نعروں سے گونجتی رہی ۔ غزہ مارچ سے ڈاکٹر اسامہ رضی، منعم ظفر خان ، سیف الدین ایڈوکیٹ، نوید علی بیگ، توفیق الدین صدیقی ، صدر مجلس وحدت المسلمین سندھ باقر زیدی ،سربراہ امت وحدت پاکستان علامہ امین شہیدی، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق ،ناظم کراچی اسلامی جمعیت طلبہ محمد آبش صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ اپوزیشن و دیگر حکمران پارٹیاں بھی حماس اور اہل غزہ کی حمایت کریں اور کھل کر امریکا و اسرائیل کی مذمت کریں ۔