تعلیمی نظام کوجدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ترجیح ہے، شہباز شریف

06 اکتوبر ، 2025

اسلام آباد(اے پی پی، کامرس رپورٹر ، نیوز رپورٹر )وزیراعظم شہباز شریف نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں قوموں کی تعمیر میں اساتذہ کرام کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی ترجیح ہے کہ ملک میں تعلیمی نظام کو موثر اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے تاکہ ہماری نئی نسل دنیا کے علمی و فنی میدان میں مقابلہ کر کے ملک کا نام روشن کر سکے، نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں اساتذہ، والدین اور معاشرے کا بحیثیت مجموعی مثبت اور تعمیری کردار ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور بہترین مستقبل کا ضامن ہوتا ہے،قوموں کی بحیثیت مجموعی تعمیر و ترقی اور کسی بھی ملک کی نسلوں کی انفرادی تعلیم و تربیت میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئیں آج ہم اجتماعی طور پر یہ عہد کریں کہ استاد کی توقیر کو ریاستی بیانیے کا مرکزی جزو بنائیں گے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ‏اساتذہ ہماری قوم کے مستقبل کے معمار ہیں۔