امارات کی 26سالہ مس یونیورس مریم محمد، عالمی مقابلہ حسن میں ملک کی نمائندگی کریں گی

06 اکتوبر ، 2025

ابو ظہبی (جنگ نیوز) ابوظہبی کی فیشن اسٹوڈنٹ 26سالہ مریم محمد کو مس یونیورس یو اے ای 2025کا تاج پہنا دیا گیا ہے، اور وہ متحدہ عرب امارات کی پہلی خاتون ہوں گی جو آئندہ ماہ تھائی لینڈ میں ہونے والے عالمی مقابلہ حسن میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔ مریم، جو فیشن کی طالبہ ہیں، سینکڑوں امیدواروں میں سے ایک سخت جانچ کے بعد منتخب ہوئیں۔ مریم کا کہنا تھا متحدہ عرب امارات نے مجھے بڑے خواب دیکھنے کا حوصلہ دیا ہے۔ میں ان خواتین کی آواز بننا چاہتی ہوں جو باہمت، جستجو رکھنے والی اور پرعزم ہیں۔ مس یونیورس یو اے ای صرف خوبصورتی کا نہیں بلکہ اثر و رسوخ اور مثبت تبدیلی کا پلیٹ فارم ہے۔ مریم کے پاس یونیورسٹی آف سڈنی سے اکنامکس میں بیچلر ڈگری ہے اور وہ اس وقت ای ایس موڈ دبئی میں فیشن ڈیزائن کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ وہ فیشن، سماجی خدمت اور خواتین کے بااختیار بنانے کو یکجا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے پائیدار فیشن کے شعبے میں کام کیا ہے، فلاحی منصوبوں جیسے رمضان آمان اور دی گیونگ فیملی انیشی ایٹو میں حصہ لیا ہے۔