ضلعی طرزِ حکمرانی میں اصلاحات کیلئے وفاقی کمیٹی کا اجلاس 8 اکتوبر کو طلب

06 اکتوبر ، 2025

لاہور(آصف محمود بٹ ) وفاقی حکومت کی کابینہ ڈویژن نے ضلعی انتظامیہ کی قانونی، ریگولیٹری، انتظامی اور عملی موثریت میں بہتری کے لیے قائم اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا دوسرا اجلاس 8 اکتوبر کو وزارتِ قانون و انصاف میں طلب کر لیا ہے۔مقصد قانونی و ادارہ جاتی اصلاحات کا جائزہ  ،چیف سیکریٹریز مجسٹریسی اختیارات اور ضلعی رابطہ کاری سے متعلق سفارشات پیش کرینگے، صوبوں کو 7اہم سوالات  ارسال، ایجنڈے میں قانونی دفعات، منتخب بلدیاتی نمائندوں و انتظامی افسران  میں رابطہ کاری جیسے اہم امور شامل،اجلاس کی صدارت وفاقی وزیرِ قانون و انصاف کریں گے۔ دستاویزات کے مطابق اجلاس جو پہلے 9 اکتوبر کے لیے طے تھا، اب ایک دن قبل یعنی 8 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔ اجلاس میں 10 ستمبر 2025 کو ہونے والے پہلے اجلاس کے بعد کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ ایجنڈے میں ضلعی انتظامیہ سے متعلق قانونی دفعات، مجسٹریسی اختیارات کا دائرہ کار، اور منتخب بلدیاتی نمائندوں و انتظامی افسران کے مابین رابطہ کاری جیسے اہم امور شامل ہیں۔تمام صوبائی چیف سیکریٹریز اور گلگت بلتستان و آزاد جموں و کشمیر کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے پہلے سے ارسال کردہ سات اہم سوالات کے جوابات کی روشنی میں تحریری سفارشات پیش کریں۔کابینہ ڈویژن کی طرف سے تمام صوبوں کو میٹنگ کی تیاری کے لئے 7 سوالات بھی بھجوائے گئے ہیں جن میں ایگزیکٹو افسران کو دیے گئے مجسٹریسی اختیارات کی نوعیت و قانونی حیثیت، ڈپٹی کمشنرز کا تعلیمی، صحت و تعمیرات جیسے محکموں پر انتظامی کنٹرول، اور ضلعی انتظامیہ و بلدیاتی نمائندوں کے درمیان تعلقات سے متعلق امور شامل ہیں۔کمیٹی اس امر کا بھی جائزہ لے گی کہ انتظامی افسران کا عدلیہ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کس نوعیت کا ہے، اور وہ علاقائی ترقیاتی منصوبوں میں کس حد تک شریک ہوتے ہیں۔کابینہ ڈویژن نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اجلاس میں اپنے اپنے دائرہ کار سے متعلق پیش رفت رپورٹس اور قانونی یا انتظامی تازہ معلومات فراہم کریں۔اعلی سرکاری ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں صوبوں کی تجاویز کو ایک متحدہ اصلاحاتی فریم ورک کی صورت میں مرتب کیا جائے گا، جس کا مقصد ضلعی انتظامیہ کی عملی صلاحیت، قانون نافذ کرنے کی ہم آہنگی، اور عوامی خدمت کے معیار میں بہتری لانا ہے۔