وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا پہنچ گئے

06 اکتوبر ، 2025

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف ملائیشیا کے سرکاری دورہ پر کوالالمپور پہنچ گئے ۔ یہ دورہ پانچ سے سات اکتوبر تک کیلئے ہے۔ کوالالمپور کے بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیاء کے وزیر اطلاعات /کمیونیکیشنز فہمی فادضل ، ملائشیاء میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول میں ان کی رہائش پر لایا گیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی رہائش آمد پر ملائیشیاء کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں ملائیشیاء آمد پر خوش آمدید کہا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملائیشیاء آ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے۔ پر تپاک استقبال پر ملائیشیاء کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس دورے سے پاکستان -ملائیشیاء دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی ۔ اس دورے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔وزیراعظم پاکستان ، ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی دعوت پر ملائیشیاء کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران ملائیشیاء کے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہو گی۔دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔دونوں رہنما تجارت، آئی ٹی اور ٹیلی کام، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل معیشت میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر بھی غور کریں گے۔ عوام سے عوام کے روابط بڑھانے کے لئے نئے تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر بھی گفتگو ہوگی۔