سمندری طوفان سے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں، محکمہ موسمیات

06 اکتوبر ، 2025

کراچی(این این آئی)محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ سمندری طوفان شکتی شمال مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہے مگر پاکستان کے ساحلی علاقوں کو اس سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے شمال مغربی بحیرہ عرب میں شدید سمندری طوفان شکتی کے حوالے سے 9 واں الرٹ جاری کردیاہے۔محکمہ موسمیات نے اپنے جاری بیان میں بتایا کہ شمال مغربی بحیرہ عرب پر آنے والا شدید سمندری طوفان "شکتی" گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران مغرب/جنوب مغرب کی طرف بڑھا، اب اس کا مرکز کراچی سے تقریبا 700 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے، 6 اکتوبر تک طوفان کے مغرب/جنوب مغرب کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔اس کے بعد یہ مغرب، وسطی اور شمال مشرقی بحیرہ عرب کے اوپر مڑ کر مشرق کی طرف بڑھے گا اور بتدریج کمزور ہو جائے گا۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ جھکڑوں کے ساتھ ہوا کی رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں کے قریب 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے ہوا چل رہی ہے جبکہ طوفان کے مرکز کے گرد ہوا کی رفتار 110 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے،جس سے سمندر میں طغیانی کا امکان ہے، ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گہرے سمندر میں نہ جائیں۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ سائوتھ شمالی اور مغربی بحیرہ عرب میں سمندر کی لہریں بہت اونچی رہنے کی توقع ہے، 7 اکتوبر کو سمندر کی بلند لہریں ریکارڈ ہوسکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سائیکلون وارننگ سینٹرکراچی سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے۔