مریم نواز کا دورہ راولپنڈی، جدید الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کرینگی، حنیف عباسی

06 اکتوبر ، 2025

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف رواں ماہ راولپنڈی کا دورہ کریں گی جہاں وہ شہریوں کیلئے جدید الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کریں گی، یہ منصوبہ شہر میں پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے شہریوں، خصوصاً خواتین، طلبہ اور ملازمین کو آرام دہ اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انجمن تاجران راولپنڈی کے زیر اہتمام منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، رکن پنجاب اسمبلی ضیا اللہ شاہ، سابق میئر سردار نسیم، حاجی پرویز سمیت مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے عہدیداران، دکانداروں اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ سینٹرل ایشیا میں بھی قیادت کی علامت بن چکا ، پاکستان کی خارجہ پالیسی اب باوقار اور متوازن سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق کے دوران دشمن کی 22 چوکیوں پر قبضہ کیا اور شاہینوں نے حدود وطن کے اندر رہ کر سات دشمن طیارے مار گرائے۔ یہ بات صرف ان کی زبانی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی تسلیم کی گئی ، ان کامیابیوں نے ان تمام لوگوں کا منہ بند کر دیا ہے جو پاکستان کو کمزور بتاتے تھے ۔ انہوں نے راولپنڈی کے ترقیاتی منظر نامے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2003 میں شہر گندگی اور بنیادی سہولیات کے فقدان کا شکار تھا، اس کے برعکس آج ایئرڈ یونیورسٹی، فاطمہ جناح یونیورسٹی، کالجز، سکولز، ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ، میٹرو، کارڈیالوجی، یورولوجی اور دیگر منصوبے وجود میں آ چکے ہیں، یہ ترقی مریم نواز شریف، شہباز شریف اور میاں نواز شریف کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی راولپنڈی آمد پر عوام ان کا فقید المثال استقبال کریں گے ۔