اسلام آباد، راولپنڈی (نیوز رپورٹر، طاہر خلیل، ایجنسیاں) پاکستان کی جانب سے کابل پر حملے کے بعد فریقین میں جنگ بندی ہوگئی، پاکستانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ 48گھنٹے کی جنگ بندی کا فیصلہ طالبان رجیم کی درخواست پر کیا گیا، سیز فائر کے دوران فریقین مسئلے کا حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش کرینگے، قبل ازیں پاک فوج نے افغان طالبان کے بزدلانہ حملے کو پسا کرتے ہوئے اسپن بولدک، نوشکی، چمن، ژوب اور کرم سیکٹر میں کئی افغان پوسٹیں اور پناہ گاہیں مکمل تباہ کر دی گئیں، جھڑپوں میں 50 طالبان اور جنگجو ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے، سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے قندھار اور کابل میں افغان طالبان اور خوارج کے ٹھکانوں پر ٹارگنڈ کارروائی کی اور فتنہ الخوارج کی قیادت اور مرکز تباہ کر دیا گیا، قندھار پر فضائی حملے میں افغان بٹالین ہیڈ کوارٹر اور بریگیڈ تباہ کردیا گیا،شہری آبادی سے الگ تمام اہداف باریک بینی سے منتخب اور کامیابی سے تباہ کئے گئے، پاک فوج نے فتنہ الخوارج کے حملے کو پسپا کردیا اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسپن بولدک، نوشکی، چمن، ژوب اور کرم سیکٹر میں کئی افغان بٹالین اور بریگیڈ مکمل تباہ کردیا، دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزراء نے ملاقاتیں کیں، جس میں داخلی وخارجی سیکورٹی صورتحال پرگفتگو کی گئی، صدر اور وزیراعظم نے افغان جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی چوکسی اور مہارت کی تعریف کی، وزیراعظم نے کہا کہ ملکی سلامتی کا ہر صورت دفاع کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی حکومت اور افغان طالبان رجیم کے درمیان طالبان کی درخواست پر دونوں کی باہمی رضامندی سے بدھ کی شام 6 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کیلئے عارضی طور پر سیز فائر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس دوران دونوں فریقین تعمیری بات چیت کے ذریعہ اس پیچیدہ مگر قابل حل مسئلہ کا مثبت حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوشش کریں گے۔ علاوہ ازیں سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے قندھار میں افغان طالبان بٹالین ہیڈکوارٹرنمبر 4، 8 بٹالین اور بارڈر بریگیڈ نمبر 5 کے اہداف کو نشانہ بنایا، یہ تمام اہداف باریک بینی سے منتخب کئے گئے جو شہری آبادی سے الگ تھلگ تھے اور کامیابی سے تباہ کئے گئے۔ پاک فوج نے سپن بولدک چمن میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بنادیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے 3 مقامات پر حملہ کیا گیا، پاک فوج کی جوابی کارروائی نے افغان طالبان کو پسپا ہونے پر مجبور کیا، کارروائی کے دوران 15 سے 20 افغان طالبان کو ہلاک کر دیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پاک افغان دوستی گیٹ کو اپنی طرف سے اُڑا دیا، چمن میں جاری کشیدگی کے باعث بدھ کو تمام تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے اور پولیو مہم کو بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، معلوم ہوا ہے کہ پاک فوج نے کرم سیکٹر پر بھی افغان طالبان کی ایک اور حملے کی کوشش کو ناکام بنایا، اس کارروائی میں افغان طالبان کی 8 پوسٹیں اور 6 ٹینک تباہ کیے گئے، متعدد دہشتگرد ہلاک ہوئے اور امریکی ساخت کا اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا۔ علاوہ ازیں افغان فورسز کی جانب سے چمن میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جسکے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 4 شہری زخمی ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ویش منڈی اور سپین بولدک میں افغان طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے، جسکے بعد فائرنگ کا سلسلہ فی الحال رک گیا اور علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ بدھ کو ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے صدر مملکت کو ملک کی مجموعی اندرونی اور بیرونی سلامتی کے ماحول پر بریفنگ دی۔ انہوں نے صدر مملکت کو افغان طالبان حکومت کی جارحانہ اور اشتعال انگیز کارروائیوں سے پیدا ہونے والی حالیہ سکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے فوری اور مناسب ردعمل سے بھی آگاہ کیا۔ صدر زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج کی طاقت، بہادری، صلاحیت اور تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریگا۔ صدر مملکت نے افغان سرزمین سے سرحد پار حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان علاقے سے حملے پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ افغان حکومت وسیع البنیاد نمائندہ حکومت کے قیام کے وعدے سے انحراف کر رہی ہے۔ افغان طالبان نے اقتدار پر اجارہ داری قائم کررکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان حکام اپنی سرزمین دہشت گردی اور پاکستان مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال نہ ہونے دیں، ایسے حملے خطے کے امن اور دوستی کے تعلقات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ علاوہ ازیں صدر مملکت سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی اور موجودہ سیاسی و سکیورٹی صورتحال سمیت قومی اہمیت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کراچی وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کے دوسرے دور اور...
کراچی امریکہ نے ایران کے لیے امن عمل کی پانچ سخت شرائط مقرر کر دیں۔ ایرانی سرزمین پر بمباری کے نقصانات کا...
کراچی، ریاض چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک میں ذی الحج کا چاند نظر آنےکا اعلان...
اسلام آباد بجلی صارفین سے تقریباً 9 روپے فی یونٹ تک اضافی ٹیکس وصولی کا انکشاف ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی...
کراچی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی اپنی ایک تصویر...
اسلام آباد پاکستان کے گیس گردشی قرضہ پلان پر آئی ایم ایف نے تحفظات کا اظہار کردیا، منظوری کی رپورٹیں غلط...
اسلام آ باد وفاقی حکومت نےسرکلرڈیٹ کوکم کرنےکےاقدامات کےتحت کے الیکٹرک کےساتھ قانونی تنازع ختم اور تمام...
اسلام آباد ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے مزید 20 اپارٹمنٹ سب لیز ہولڈرز کی انٹرا کورٹ اپیلوں کی سماعت آج اسلام...