پہلی مرتبہ زیروٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی متعارف، سرمایہ کاروں کیلئے ہالی ڈے ٹیکس اور ڈیوٹی امپورٹ ریلیف موجود، وزیراعلیٰ مریم نواز

07 نومبر ، 2025

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چین کے نمایاں سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چینی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں انویسٹمنٹ کے لئے گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ مریم نے چینی وفد میں خواتین سرمایہ کاروں کو دیکھ کر مسرت کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ کی برازیل روانگی سے قبل چینی وفد سے ملاقات بے حد اہمیت کی حامل تھی۔ وزیراعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کا بہترین پوٹینشل موجود ہے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ زیروٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔ زیروٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی متعارف کرانے کا مقصد سرمایہ کاروں کی بھرپور معاونت اور حوصلہ افزائی ہے۔ پنجاب سرمایہ کاری کے مواقع کے لحاظ سے بہترین دور سے گزررہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نے کہا کہ پنجاب کے انڈسٹریل زون اور انڈسٹریل پارک سرمایہ کاری کیلئے بہترین پوٹینشل رکھتے ہیں۔ سرمایہ کاروں کیلئے ٹیکس ہالی ڈے اور ڈیوٹی امپورٹ ریلیف بھی دیا جائے گا۔ انفراسٹرکچر، آئی ٹی سیکٹر اور میڈیکل ٹورازم کے شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے بہترین ہیں۔ گزشتہ سال دورہ چین کے بعد میڈیکل اور دیگر شعبوں میں جدت متعارف کرا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں رئیل اسٹیٹ انفراسٹرکچر سرمایہ کو جلد منافع میں بدل سکتا ہے۔ روڈا کا پراجیکٹ انفراسٹرکچر کے لحاظ سے ایک مثال ہوگا۔پنجاب میں پہلی مرتبہ 10ماہ میں ایک لاکھ سے زائد گھر بنا کر مثال قائم کر دی۔ ٹورازم میں ترقی کی وجہ سے سیاحوں کے لئے مزید معیاری ہوٹلوں کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ گلاس ٹرین اور ہائی سپیڈ ٹرین متعارف کرانے جارہے ہیں۔ سب سے بڑے میڈیکل ڈسٹرکٹ کے قیام کے لئے بہت بڑا خطہ مختص کیا گیا ہے۔ پنجاب میں بزنس آن لائن ہے، فائل اور پیپر نہیں آج اپلائی کریں اور کل سے شروع کریں۔ملاقات میں مختلف چینی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے وزیراعلیٰ مریم سے تعارف کرایا اور پنجاب کے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا۔ چینی سرمایہ کاروں کے وفد نے وزیراعلیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا۔وزیراعلیٰ مریم نے یوم شہدائے کشمیر پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 6 نومبر 1947میں لاکھوں نہتے کشمیری قابض بھارتی فوج نے بے دردی سے شہید کیا۔