ن لیگ نے آئینی ترمیمی مسودہ حلیف جماعتوں کے سامنے رکھ دیا

07 نومبر ، 2025

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار)  آئین کی ستائیسویں ترمیم کے مسودے کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کرنے کیلئے جمعرات کو بڑی راز داری سے کابینہ کی ایک کمیٹی نے حتمی شکل  دے  دی  جس کے سربراہ قانو ن وانصاف کے وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ تھے مسودے کو حکمران پاکستان مسلم لیگ نون نے تمام حلیف جماعتوں کے سامنے رکھ دیا ہے اور باضابطہ طور پر ان سے پارلیمانی ایوانوں میں اس کی منظوری کیلئے استدعا کردی گئی ہے۔ ’’جنگ/دی نیوز‘‘ کو حد درجہ قابل اعتماد ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم میں ملک میں قائد اعظمؒ کے فرمان کی روشنی میں برتر ترین آئینی عدالت قائم کی جائے گی جس میں نو ارکان ہونگے اس عدالت کے جج کیلئے عمر کی حد ستر سال ہوگی سپریم کورٹ میں موجود آئینی بنچ کو موقوف کردیا جائے گا۔