ہمیں اقبال کے افکار کو اپنے عمل کا محور بنانا ہے،وزیر اعظم شہباز شریف

09 نومبر ، 2025

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اقبال کے افکار کو اپنے عمل کا محور بنانا ہے تاکہ پاکستان حقیقی معنی میں اقبال کے خوابوں کا پاکستان بن سکے، جہاں علم و عمل، محبت و رواداری، اور امن و انصاف کا بول ذبالا ہو۔پاکستان، اقبال کے افکار کی روشنی میں امت مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہےگا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یہ بات یوم اقبال 9 نومبر 2025 پر اپنے پیغا م میں کہی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم شاعر مشرق، مفکر اسلام اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت پر انکے افکار و بصیرت، ملت اسلامیہ اور مسلمانان برصغیر کے لیے انکے غیر معمولی کردار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔علامہ اقبال ایک ایسی روحانی و فکری قوت کا نام ہیں جس نے غلامی کے اندھیروں میں روشنی کی شمع جلائی، اور ایک ایسی قوم کو خودی کا پیغام دیا جو مایوسی کا شکار تھی۔علامہ اقبال نے یہ سبق دیا کہ ایمان اور علم و عمل ہی وہ ستون ہیں جن پر ایک زندہ قوم اپنی تعمیر کرتی ہے۔ آج بھی قومی و عالمی حالات میں فکر اقبال رہنمائی فراہم کرتی ہے۔اقبال کا نوجوان ملت کا معمار اور مستقبل کا شاہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اقبال کی فکر کی روشنی میں نوجوان نسل کے لیے ایسی تعلیم کے لیے پر عزم ہے جو صرف روز گار کا ذریعہ نہ ہو بلکہ فکر و کردار کی بھی اصلاح کرے۔