تکتو نیشنل پارک میں آبی ذخائر خشک، نایاب جنگلی حیات کو خطرہ

09 نومبر ، 2025

کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ کے تکتو نیشنل پارک میں خشک سالی کے اثرات، قدرتی چشمے اور آبی ذخائر خشک ہوگئے، تکتو نیشنل پارک میں500سے زائد مارخور اور دیگر نایاب جنگلی حیات موجود ہے، اس صورتحال کے باعث وہاں نایاب جنگلی حیات کیلئے پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔چیف کزرویٹر وائلڈ لائف بلوچستان شریف الدین بلوچ کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ تقریباً دو سال کے دوران معمول سے کم بارشوں کے باعث نواحی علاقے تکتو میں واقع نیشنل پارک میں قدرتی آبی ذخائر خشک ہوگئے جس کی وجہ سے وہاں پائے جانے والے 500 سے زائد مارخور اور دیگر نایاب جنگلی حیات کیلئے پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔سیکرٹری محکمہ جنگلات و جنگلی حیات عبدالفتح بھنگر کا کہناتھا کہ محکمہ وائلڈ لائف نے خشک سالی کی صورتحال کے پیش نظرتکتو نیشنل پارک میں خصوصی اقدامات کیے ہیں۔