عوام جماعت کا ساتھ دیکر امن وترقی کی راہ ہموار کریں، ہدایت الرحمٰن

09 نومبر ، 2025

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا ہےکہ بلوچستان کو نوگو ایریا و پسماندہ رکھ کر بارڈرز بھی بند کیے گئے ہیں ، تجارت و روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں لاپتہ افراد کی عدم بازیابی ، حکومتی رٹ ختم ، بدعنوانی و بدامنی کا دوردورہ ہے ، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے کر نامیدی ، بدحالی ، بے روزگاری کا خاتمہ کرکے امن ، ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار کریں ۔ ماہی گیروں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ، یہ بات انہوں نے گوادر میں مختلف تقاریب سے خطاب ، وفود اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر کی چاروں تحصیل اورماڑہ ، پسنی ، گوادر اور جیونی کے ماہی گیروں کے لئے دو سو دو سو ایکڑ رہائشی اراضی منظور کرالی ہے اور کھتونی مزید کاروائی کے لئے سیکرٹری فشریز کے حوالے کردی گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ پسنی فش ہاربر ملازمین کی تنخواہ اور بی سی ڈی اے ملازمین کے الاؤنسز سے متعلق بھی سیکریٹری فشریز سے بات کی ہے جس پر سیکرٹری نے یقین دلایا کہ کچھ دنوں میں یہ دونوں معاملات بھی حل ہوجائیں گے ۔ مولانا ہدایت الرحمٰن نے گوادر میں ڈھوریہ چاپڑہ گوادر میں ماہی گیروں کے ساتھ دیوان منعقد کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں‌ نے شرکت کی ۔