ملاوٹ، ناپ تول میں کمی، حق تلفی چھوڑ دیں، ایک دوسرے کے کام آئیں، سب ٹھیک ہو جائے گا، مقررین رائیونڈ اجتماع میں 5 لاکھ افراد شریک

09 نومبر ، 2025

چوہنگ (نامہ نگار ) رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کے تیسرے روز مقررین نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ملاوٹ ، ناپ تول میں کمی ، حق تلفی چھوڑ دیں،ایک دوسرے کے کام آئیں،سب ٹھیک ہوجائیگا۔ ،ہمیں اپنے بگڑے ہوئے اعمال کو درست کرنا ہے،سچ بولنا،نماز کی پابندی،حقوق العباد کا خیال رکھنا ، اچھائی کی دعوت دینا اور برائی سے بچنا ہے۔ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ آج صبح آٹھ بجے اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو جائے گا اجتماع کے تیسرے روز شرکاء کی تعداد تقریباً 5 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ آج اجتماعی دعا کے بعد اختتام پذیر ہو جائے گا۔ تیسرے روز بھی شرکاء کی آمد کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا گزشتہ روز بیانات کی 4 نشستیں ہوئیں جس میں بیرون ممالک سے آئے۔ مولانا ربیع الحق ، ڈاکٹر خالد صدیقی،مولانا زہیر الحسن ، مولانا احمد لاٹ ،مولانا عبید اللہ خورشید نے اپنے خطابات میں کہا کہ دنیاوی زندگی عارضی اور مختصر ہے آخرت کی زندگی نہ ختم ہونے والی ہے آخرت کی زندگی کو کامیاب بنانے کیلئے تبلیغ کو اپنا اشعار بنا لیں حقوق اللہ اور حقوق العباد کا خیال رکھیں، اپنی خواہشات کو محدود کر لیں زیادہ سے زیادہ وقت دین اسلام کی تبلیغ کے لئے لگائیں دنیاوی زندگی بھی آسان ہو جائے گی اور آخرت کی زندگی بھی کہ اللہ اور نبی کریم ؐکے بتائے راستے پر چلنے سے دنیااور آخرت میں کامیابی ہوگی،دنیاوی کاموں کے ساتھ ساتھ دعوت وتبلیغ کے لئے بھی نکلیں ،نیکی پھیلائیں اور برائی سے بچیں ،نبی پاکؐ کی طرح محنت کر کے تبلیغ کے ذریعے دنیا کے کونے کونے میں اسلام کی شمع کو روشن کرنا ہوگا ،دین کی محنت کرنا ہوگی ،جو دین کی محنت کرے گا اس کا دنیا میں بھی بھلا ہوگا اور آخرت میں بھی بلند مقام پائے گا۔ نبی کریم ؐ خاتم النبیین ہیں آپ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اس لئے اب انبیاء والا کام یعنی دین اسلام کی تبلیغ ہم سب کی ذمہ داری ہے جسے ہم نے اپنا فرض سمجھ کر ادا کرنا ہے۔ دین اسلام کی تبلیغ کو اپنا فرض سمجھ کر اپنے اپنے ممالک یعنی دنیا کے کونے کونے میں پہنچانے پر زور دیا ۔آج آخری روز اتوار کی صبح فجر کی نماز کے بعد مولانا عبید اللہ خورشید اجتماع کے شرکاء کو ہدایات دیں گے جبکہ مولانا ابراہیم دیولہ اجتماعی دعا کرائیں گے ۔ اختتامی دعا کے بعد شرکاء اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہونا شروع ہو جائیں گے۔