قومی فضائی کمپنی کےسا بق CEO کے مالی تنازع پر جے ٹی آ ئی تشکیل دینے کا حکم

09 نومبر ، 2025

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ نےقومی فضائی کمپنی کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول، وقاص احمد اور سہیل علیم کے درمیان مالی لین دین کے تنازعہ سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران ڈی جی ایف آئی اے کو انکوائری کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم جاری کر دیا اور تحریری حکم میں کہا ہے کہ وفاقی سیکریٹری داخلہ لاہور سے خاتون ثنا ء اور تین کم سن بیٹیوں کے اغوا ء کے مقدمہ کو مثالی کیس بنائیں جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بنچ کی جانب سے جاری تحریری حکمنامہ میں جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم جاری کر تے ہوئے قراردیا گیا کہ تحقیقات کے دوران خاتون اور کم سن بچوں کے اغوا سے متعلق جرائم میں تفتیشی افسران اور پولیس اہلکاروں کے کردار کا بھی جائزہ لیا جائے، عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے اور وفاقی سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ ڈائریکٹر کرائمز کے مساوی عہدہ کا افسر جے آئی ٹی میں تعینات کیا جائے اور آئندہ سماعت پر مقدمات کے تمام پہلوئوں پر مشتمل رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے، تحریری حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی سیکریٹری داخلہ لاہور سے خاتون ثنا ء اور اس کی تین کم سن بیٹیوں کے اغوا ء کے مقدمہ کو ایک مثالی کیس بنائیں ، عدالت نے لکھا ہے کہ لاہور پولیس کو واقعہ کی کوئی اطلاع ہی نہیں دی گئی اور نہ ہی یہ معاملہ ان کے علم میں لایا گیا ، عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ ، آئی جی پنجاب ، سیکرٹری داخلہ پنجاب اور حکومت پنجاب کو ہدایت دی کہ وہ اس واقعہ پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اعلیٰ سطح پر انکوائری شروع کریں،عدالت نے20 نومبر تک پیشرفت رپورٹ طلب کر لی ہے ۔