وفاقی کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دیدی

09 نومبر ، 2025

اسلام آباد ( رانا غلام قادر)وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کیمنظوری دیدی اور اسکا بھرپور خیرمقدم کیا۔ یہ منظوری ہفتہ کے روزوزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئینی ترمیمی بل کے مسودے پر صدر زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی اعتماد میں لیا۔ وزیرِ اعظم نے کابینہ اجلاس کی صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے باکو سے کی۔ وزیر اعظم نے اجلاس میں کابینہ ارکان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے اتحادی جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ کابینہ کی منظوری کے بعد وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تا رڑنے میڈیا کو ترمیم کے خدوخال پر بریفنگ دی۔ کابینہ کی منظوری کے بعد ترمیم کے مسودے کوسینیٹ میں پیش کیا گیا۔وزیر اعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کے صوبوں کے ساتھ رشتے کی مضبوطی اور ملک کے وسیع مفاد میں 27ویں آئینی ترمیم کیلئے سب نے مل کر کوشش کی، جس کیلئے وزارت قانون و انصاف، اٹارنی جنرل اور انکی ٹیم لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم پر اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کو اعتماد میں لیا اور ان سے اس پر رہنمائی حاصل کی جس پر انکا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھی ترمیم کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور انکی رضامندی پر انکے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ملک کی سمت درست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مل کی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔