سروے آف پاکستان کا پنجاب کے6اضلاع میں بڑا فیلڈ سروے شروع کرنے کا اعلان

09 نومبر ، 2025

لاہور (آصف محمود بٹ ) سروے آف پاکستان کا پنجاب کے 6اضلاع میں بڑا فیلڈ سروے شروع کرنے کا اعلان ۔سروے آف پاکستان نے پنجاب حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ رواں ماہ سے شروع ہونے والے فیلڈ ویریفکیشن آپریشن کیلئے مکمل سکیورٹی اور انتظامی معاونت فراہم کرے۔ یہ کارروائی ملک کے سرکاری ٹوپوگرافک نقشوں کی قومی سطح پر اپ ڈیٹ کا حصہ ہے، ڈی جی خان، کوٹ ادو، لیہ، میانوالی، راجن پور اور خوشاب میں سروے  ہوگا،1:50,000 نقشہ سیریز کا دوسرا ڈیجیٹل ایڈیشن تیار۔’’جنگ‘‘ کو ملنے والے ایک خط کے مطابق جو چیف سیکرٹری پنجاب کو ارسال کیا گیا ہے میں سروے آف پاکستان نے واضح کیا کہ وہ ملک کا واحد سرکاری سروے و میپنگ ادارہ ہے جو 1:50,000 اسکیل پر تیار ہونے والی قومی نقشہ سیریز بناتا اور اپ ڈیٹ کرتا ہے۔ یہ نقشے سرکاری اداروں، نجی شعبے اور بالخصوص تینوں مسلح افواج کی ضروریات کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ادارے نے بتایا کہ 1,492 شیٹس پر مشتمل پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل ٹوپوگرافک کوریج مکمل کی جاچکی ہے، جبکہ سال 2020 سے ملک بھر میں نئے جغرافیائی اور انفراسٹرکچر بدلاؤ کو ریکارڈ کرنے کیلئے دوسرے ڈیجیٹل ایڈیشن پر کام جاری ہے۔اس مقصد کیلئے سروے ٹیمیں ڈیرا غازی خان، کوٹ ادو، لیہ، میانوالی، راجن پور اور خوشاب میں گراؤنڈ سروے کریں گی۔ یہ فیلڈ آپریشن اسی ہفتے شروع ہوگا اور جنوری 2026 کے آخر تک جاری رہے گا۔سروے آف پاکستان نے صوبائی حکومت سے کہا ہے کہ تمام ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی تنظیمیں وفاقی سروے ٹیموں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ اس میں سرکاری عمارتوں میں عارضی کیمپ لگانے کی اجازت، بنیادی مہمان نوازی اور ٹیموں کی مکمل سکیورٹی شامل ہے۔ادارے نے اس سروے کو ایک “قومی ذمہ داری” قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی محکموں کی مربوط معاونت کے بغیر نقشہ جاتی اپ ڈیٹ بروقت مکمل نہیں ہوسکتی اور نہ ہی قومی اداروں کیلئے درست اور قابلِ اعتماد جغرافیائی معلومات میسر آسکیں گی۔ یہ خط ڈائریکٹر ٹیکنیکل اینڈ کوآرڈی نیشن محمد ارشد نے سروئیر جنرل آف پاکستان کی جانب سے جاری کیا۔