27ویں آئینی ترمیم پر دنیا بھر سے چوٹی کے میڈیا اداروں کے تبصرے

14 نومبر ، 2025

کراچی(رفیق مانگٹ)27ویں آئینی ترمیم پر دنیا بھر سے چوٹی کے میڈیا اداروں کے تبصرے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی نے ایک اہم آئینی ترمیم منظور کرلی ہے جس کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر کو تاحیات قانونی استثنیٰ اور ملک کی تینوں مسلح افواج پر جامع اختیارات حاصل ہوں گے۔یہ ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور ہوئی۔ اس اقدام کو ناقدین نے جمہوریت کا جنازہ قرار دیا ہے، جبکہ حکومت اسے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی استحکام کا ذریعہ بتاتی ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق، اس ترمیم کے نتیجے میں فیلڈ مارشل منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا آئینی عہدہ دیا جائے گا، جو انہیں بری، بحری اور فضائی تینوں افواج کا باضابطہ سربراہ بناتا ہے۔ یہ اقدام معاشی دباؤ اور علاقائی کشیدگی کے تناظر میں ہوا۔ اخبار لکھتا ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستان سیکیورٹی چیلنجز، معاشی دباؤ اور علاقائی کشیدگی جیسے مسائل سے نبردآزما ہے۔نیویارک ٹائمز نے لکھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بدھ کو آئینی ترمیم کے ذریعے توسیعی اختیارات اور تاحیات قانونی استثنیٰ حاصل کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق، ترمیم کی منظوری کے بعد فوجی قیادت کو ملک کی تمام افواج پر وسیع اختیارات مل گئے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کے دائرہ کار میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اخبار کے مطابق، منیر رواں ماہ کے اختتام تک چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ سنبھالیں گے، جس سے انہیں فیصلہ سازی میں مرکزی کردار حاصل ہو جائے گا۔گارڈین نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کی گئی یہ ترمیم سپریم کورٹ کی آزادی کو محدود کر سکتی ہے، اور ناقدین کے مطابق یہ پاکستان میں جمہوری عمل کے لئے ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔