عمران صحتمند، افواہیں دم توڑ گئیں، اہلیہ اور ہمشیرہ سے ملاقات، جسمانی طور پر ٹھیک ہیں، عظمیٰ خان، جیلر کی شرط پر پریس کانفرنس نہیں کی، رانا ثناء

03 دسمبر ، 2025

راولپنڈی (جنگ نیوز/ایجنسیاں)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور سلامتی کے حوالے سے تشویش‘قیاس آرائیاں اور افواہیں دم توڑگئیں ‘منگل کو تقریباً ایک ماہ بعد سابق وزیراعظم کی ملاقات ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہن عظمیٰ خان سے کروا دی گئی‘اڈیالہ جیل میں اپنے بھائی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت الحمداللہ بالکل ٹھیک ہے مگر وہ بہت غصے میں تھے اور کہہ رہے تھے کہ انہیں ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔عظمیٰ خان کے مطابق ان کی عمران خان سے ملاقات 20 منٹ پر محیط تھی اور انہیں بھائی نے مزید بتایا کہ انہیں پورادن دن کمرے میں بند رکھا جاتا ہے‘ صرف تھوڑی دیر کمرے سے نکلنے دیا جاتا ہے۔ منگل کی صبح جب عمران خان کی تینوں بہنیں علیمہ خانم، نورین نیازی اور عظمی خان اڈیالہ جیل کے باہر ملاقات کے لئے پہنچیں تووہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے انہیں راستے میں ہی روک دیا تاہم کچھ دیر بعد جیل حکام کی طرف سے ایک اہلکار کو عمران خان کی بہنوں کے پاس بھیجا گیا اور پیغام دیا گیا کہ ملاقات کے لیے عظمیٰ خان کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔میڈیا سے گفتگومیں عظمیٰ خان کا مزید کہنا تھاکہ دونوں بہنوں سے مشاورت کے بعد میڈیا سے تفصیلی بات کروں گی۔عظمیٰ خان نےیہ بھی بتایا کہ بشریٰ بی بی کوقید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔عظمیٰ خان کے مطابق بار کونسلزکے انتخابات کے لیے حامد خان اور سلمان اکرم راجہ امیدوار چنیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیے ہدایت ہے کہ پارلیمنٹ اور سینیٹ میں احتجاج کریں‘ سہیل آفریدی کو مکمل سپورٹ حاصل ہے‘ عظمیٰ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے این ڈی یو تقریب میں پارٹی لیڈروں کی شرکت پر مایوسی کا اظہار کیا اورکہاکہ جو لوگ این ڈی یو تقریب میں گئے وہ پارٹی کے میر جعفر اور میر صادق ہیں ‘ان کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں‘ان کا یہ بھی کہناتھاکہ افغانستان پر حملوں سے دہشت گردی بڑھے گی۔عظمی خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ محمود اچکزئی اورراجہ ناصر عباس کی عزت کرتا ہوں، پارٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کے سامنے احتجاج کرے اور کوشش کرے کہ ان کا بطور قائد حزب اختلاف نوٹی فکیشن جاری ہو‘تحریک کی ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دی ہے‘ وہ اتحاد کے لیڈرز ہیں۔عظمی خان کے مطابق بانی نے شاہد خٹک کو پارلیمانی لیڈر نامزد کیا ہے۔