سابق صدر علوی کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کیخلاف درخواست

03 دسمبر ، 2025

کراچی (نمائندہ جنگ)سندھہائی کورٹ میں سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی اور خاندان کے 12 افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ہائی کورٹ نے این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر کو درخواست گزاروں کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے دونوں کے بیان کے بعد تفتیشی افسر سے ایک ہفتے میں پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ سابق صدر عارف علوی کے صاحبزادے اور بہو عدالت میں پیش ہوئے۔ بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ درخواست گزار کا بیٹا اور بہو عدالت میں موجود ہیں اور اپنا بیان ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی اور انکی اہلیہ اس وقت دبئی میں ہیں۔ قانون ان کو استثنٰی دیتا ہے لیکن وہ کسی قسم کا استثنا نہیں چاہتے۔