بنوں، خوارج کا حملہ، اسسٹنٹ کمشنر میران شاہ کو گاڑی میں جلا ڈالا،شاہ ولی سمیت4 افراد شہید

03 دسمبر ، 2025

 اسلام آباد ( طاہر خلیل )خوارج ہر ایک کے دشمن ہیں، بنوں میں خوارج کے حملے میں اسسٹنٹ کمشنر میران شاہ ، شاہ ولی سمیت چار افراد شہید ہو گئے تفصیلات کے مطابق 2 دسمبر کو فتنہ الخوارج کی جانب سے بنوں کے علاقے ممش خیل میں میران شاہ - بنوں  روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر،   میران شاہ ، شمالی وزیرستان شاہ ولی پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت تین سرکاری اہلکار اور ایک راہگیر شہید ہوگئے۔ خوارج نے اسسٹنٹ کمشنر کو گاڑی کے اندر جلا ڈالا جو کہ اسلامی اور قبائلی روایات کے خلاف ہے آر پی او بنوں سجاد احمد کے مطابق خوارجی حملے کے بعد شہید اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو بھی آگ لگا کر فرار ہوگئے۔ اس افسوسناک واقعے میں ایک راہگیر بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ذرائع نے بتایا کہ شہید ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر کا آبائی تعلق جنوبی وزیرستان سے تھا۔ واضح رہے کہ خوارج کی جانب سے مسلسل دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ ان کی دشمنی صرف سیکیورٹی فورسز سے ہے، عوام سے نہیں۔ تاہم آج کا یہ حملہ ان کے اس جھوٹ کو بے نقاب کرتا ہے کہ حقیقت میں یہ گروہ عوام دشمن ہے اور اپنی کارروائیوں میں عام شہریوں کی جان و مال کو بھی بے دریغ نشانہ بناتا ہے۔اس المناک واقعے نے صوبائی حکومت کی ناکامی کو بھی نمایاں کر دیا ہے۔10 اکتوبر 2025 کو ڈی جی آئی ایس پی آر نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ صوبے میں  سی ٹی ڈی اہلکاروں کی تعداد صرف 33سوہے، جو اتنے بڑے اور حساس صوبے کے لیے انتہائی ناکافی ہے۔پی ٹی آئی کی مسلسل 13 سالہ حکومت سی ٹی ڈی کی استعداد بڑھانے میں کوئی مؤثر قدم نہ اٹھا سکی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ پولیس اور انسدادِ دہشتگردی کے ادارے بڑھتی ہوئی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں ناکام رہے۔