چینی سرمایہ کاروں کے 3رکنی وفد کا سرمایہ کاری بورڈ کا دورہ

03 دسمبر ، 2025

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)تیانجن چوانہوئی گروپ کے 3 رکنی چینی وفد نے گزشتہ روز بورڈ آف انوسمنٹ کا دورہ کیا۔ یہ دورہ وزیراعظم کی سربراہی میں ستمبر 2025 میں بیجنگ میں منعقد ہونے والی پاک۔چین B2B انویسٹمنٹ کانفرنس کے تسلسل میں کیا گیا، جہاں دو طرفہ صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت) پر دستخط کیے گئے تھے۔ بورڈ کے حکام نے وفد کو خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) میں سرمایہ کاری کے مواقع، سہولتی اقدامات اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی، اور وفد کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ مضبوط B2B روابط اور مؤثر سرمایہ کاری سہولت کاری یقینی بنائی جا سکے۔وفد نے پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے الیکٹرک وہیکل اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا، اور خصوصی طور پر SEZs میں 2 اور 3 پہیوں والی EV اسمبلی لائن کے قیام میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ وفد نے الیکٹرک وہیکل مینوفیکچرنگ، چارجنگ انفراسٹرکچر، زرعی شعبے میں الیکٹرک وہیکل کے استعمال، ماحول دوست نقل و حرکت کے فروغ اور کاربن اخراج میں کمی جیسے شعبوں میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔