فیلڈمارشل سے ترک وزیرتوانائی کی ملاقات‘باہمی امورپر گفتگو

03 دسمبر ، 2025

راولپنڈی (ایجنسیاں)پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترک وزیرِ توانائی الپ ارسلان نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی‘ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔علاوہ ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کیمبرین پٹرول مقابلے میں حصہ لینے والی پاک فوج کی ٹیم نے بھی ملاقات کی۔آرمی چیف نے ٹیم کو دنیا کی کٹھن ترین فوجی مقابلے میں شاندار کارکردگی اور کامیابی پر مبارکباد دی اور پاک فوج کی نمائندگی پر فخر کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ٹیم کی محنت، لگن اور سخت تربیت کو سراہا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ کامیابی نہ صرف قوم کیلئے باعث فخر بلکہ پاک فوج کے معیار عظمت کی توثیق بھی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ترک وزیرتوانائی سے ملاقات میں پاک ترکیہ توانائی تعاون میں توسیع اور اسٹریٹجک اشتراک پر اتفاق جبکہ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔خطے میں استحکام اور مشترکہ مقاصد کیلئے شراکت داری بڑھانے پر زور دیاگیا۔ترک وزیرنے پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہارکیا جبکہ علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔