آبادی میں توازن قومی ترقی، سماجی استحکام کیلئے بنیادی اہمیت رکھتا ، عظمیٰ بخاری

03 دسمبر ، 2025

لاہور ( جنرل رپورٹر ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آبادی میں توازن قومی ترقی، سماجی استحکام اور عوامی فلاح کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بھر خصوصاً اسلامی ممالک نے پاپولیشن مینجمنٹ کے حوالے سے واضح حکمتِ عملی اپنائی ہے، اور پاکستان میں بھی اس پالیسی کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت فیملی پلاننگ کو گھر گھر تک پہنچانے کے لیے ایک بڑا اقدام اٹھا رہی ہے، جس کے تحت 60ہزار کمیونٹی آفیسرز کی بھرتی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ آفیسرز گھروں میں جا کر فیملی پلاننگ کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے اور متعلقہ سہولیات لوگوں کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر فرد کو اپنے گھرانے کا سائز اپنی معاشی استطاعت اور معیارِ زندگی خود طے کرنا چاہیے۔حکومت، علما کرام اور کمیونٹی ادارے رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں، لیکن عملی فیصلہ ہر خاندان نے خود کرنا ہے۔