"جو کاٹتے ہیں وہ پارلیمنٹ کے اندر بیٹھے ہیں" کتا بھارت میں مرکزی موضوع بن گیا

03 دسمبر ، 2025

نئی دہلی (جنگ نیوز) کتا بھارت میں مرکزی موضوع بن گیا، "جو کاٹتے ہیں وہ پارلیمنٹ کے اندر بیٹھے ہیں" رینوکا چودھری کے بیان پر ہنگامہ،’کتے پارلیمنٹ میں داخل ہو سکتے ہیں‘ راہول گاندھی کا جواب، بی جے پی کا سخت ردعمل، بھارتی میڈیا کے مطابق رینوکا چودھری کے اس متنازع تبصرے کے بعد کہ ’’جو کاٹتے ہیں وہ پارلیمنٹ کے اندر بیٹھے ہیں‘‘، راہول گاندھی نے صحافیوں سے گفتگو میں طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’کتّا تو آج کا مرکزی موضوع ہے‘‘ اور سوال اٹھایا کہ ’’بیچارا کتّا کیا کر گیا، کیا اسے آنے کی اجازت نہیں؟‘‘ جب صحافیوں نے بتایا کہ ضابطوں میں پالتو جانوروں کے داخلے کا ذکر تو نہیں لیکن اجازت بھی نہیں، تو راہول گاندھی نے پارلیمنٹ کی عمارت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، ’’لیکن یہ تو اندر آ جاتے ہیں‘‘ جس پر وہاں موجود افراد ہنس پڑے۔ بی جے پی نے اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے منتخب نمائندوں کی توہین قرار دیا اور کہا کہ راہول گاندھی اور رینوکا چودھری دونوں نے پارلیمانی وقار مجروح کیا ہے۔ بی جے پی ترجمان سمبت پاترا اور پردیپ بھنڈاری نے الزام لگایا کہ راہول گاندھی نے اراکینِ پارلیمنٹ کا تقابل کتّوں سے کیا، جو جمہوریت کے ’’معبد‘‘ کی بے ادبی ہے۔ تنازع کی ابتدا اس وقت ہوئی جب رینوکا چودھری ایک ریسکیو کیا ہوا آوارہ کتا اپنی گاڑی میں لے کر پارلیمنٹ پہنچی تھیں، جس پر کچھ اراکین نے اعتراض کیا تھا۔