حکومت چالان،گرفتاریوں کی بجائے 16برس کے طلبہ کو ٹریفک لائسنس جاری کرے، زاہد توصیف

03 دسمبر ، 2025

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اور سینئر سیاستدان رانا زاہد توصیف نے مطالبہ کیا ہے کہ  چالان اور گرفتاریوں کی بجائے  16 سال تک عمر کے طلبہ کو ٹریفک لائسنس جاری کئے جائیں، پبلک ٹرانسپورٹ کی شدید کمی کے باعث طلبہ اور عام شہری موٹر سائیکلوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں لیکن اب ہیلمٹ اور لائسنس کی پابندی کے نام پر ان کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئی ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی دو کروڑ 70 لاکھ سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں ایسے میں اگر ٹریفک پولیس جگہ جگہ ناکے لگا کر سختی کرے گی تو مزید لاکھوں بچے تعلیم کو خیرباد کہہ دیں گے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے بڑی تعداد میں طلبہ اور عام شہریوں کے خلاف ہیلمٹ نہ پہننے پر ایف آئی آرز اور بھاری جرمانوں پر گہری تشویش کا اظہارکیا اور کہا کہ محض ریونیو کا ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے عوام کو خوفزدہ کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام شہروں میں ٹریفک سسٹم ابتر ہو چکا ہے۔ رانا زاہد توصیف کے مطابق شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لئے الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے اشتہارات چلائے جائیں اور سکولوں و کالجز میں آگاہی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی غربت، بدترین مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ ہیں اس لئے انہیں مزید حراساں کر کے خود کشی پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر حکومت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانے کی نیت سے یہ مہم چلا رہی ہے تو اسے چاہیے کہ موقع پر چالان وصول کر کے ہیلمٹ اور لائسنس جاری کیا جائے یا شہریوں کو ہیلمٹ خریدنے اور لائسنس بنوانے کے لئے مزید مہلت دی جائے۔