مشترکہ ترقی کا سفر جاری رہے گا، قونصل جنرل امارات

03 دسمبر ، 2025
کراچی( افضل ندیم ڈوگر) متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے کہا ہے کہ پاکستان سے دوستی، تعاون اور مشترکہ ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ وہ امارات کے 54 ویں قومی دن کی کراچی میں منعقدہ شاندار اور رنگا رنگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلی سندھ، مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز سندھ مختلف ممالک کے سفارت کاروں قونصل جنرلز، سیاسی سماجی شخصیات اور مختلف قومیتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور
امارات کے قومی دن کا کیک کاٹا۔ کلفٹن میں منعقدہ تقریب کے ہال کو امارات کے قومی پرچموں اور رنگوں سے سجایا گیا تھا جبکہ متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں کی تصاویر بھی آویزاں تھیں۔ تقریب کے میزبان قونصل جنرل یو اے ای بخیت عتیق الرومیتی اپنی اہلیہ کے ساتھ مہمانوں کو خوش آمدید کہتے رہے۔ قومی دن کی تقریب میں امارات کی ثقافت کے رنگ نمایاں دیکھے گئے۔ تقریب میں یو اے ای کے قومی دن کے حوالے سے روایتی گیت بھی گائے جاتے رہے۔ تقریب کے آغاز میں یو اے ای اور پاکستان کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ قونصل جنرل یو اے ای نے عربی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عوام اور یو اے ای کی پاکستانی کمیونٹی کو یو اے ای کے 54 ویں قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے اس امر پر فخر کا اظہار کیا کہ یو اے ای کے قیام پر پاکستان سب سے پہلا برادر اسلامی ملک تھا جس نے انہیں تسلیم کیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان ترقی کی اونچی اڑانیں اڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ جنگ میں جس طرح پاکستان بھارت کو معرکہ حق میں شکست فاش دی اسی طرح یو اے ای کے تعاون سے پاکستان معرکہ معیشت میں بھی بھارت کو شکست دے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تجارت میں بہت آگے تک جا سکتے ہیں۔ اس موقع پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ وہ صدر پاکستان اور وزیراعظم کے ساتھ ساتھ یو اے ای مقیم پوری پاکستان کمیونٹی کو عید الاتحاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ سب کو پتہ ہے کہ ہم پاکستان اور پاکستانیوں کو پہلے نمبر پر پسند کرتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ انتہائی اچھے تعلقات ہیں انویسٹمنٹ اور تعلیم کے شعبے میں تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باالخصوص آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں مشترکہ کام پر بہت فوکس کر رہے ہیں۔